اشرف بھٹی

عوام کوحکومتی ریلیف پہنچانے سے پہلے 58ارب روپے کا بوجھ ڈال دیا گیا’ صدر آل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرط پر بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 95 پیسے فی یونٹ اضافے کا مجوزہ فیصلہ تباہ کن ثابت ہوگا،عوام نے ابھی حکومتی ریلیف سے استفادہ بھی نہیں کیا تھا کہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں عوام پر58ارب روپے کا بوجھ بھی ڈال دیا گیا، سیاسی درجہ حرات کو نیچے لانے میں حکومت کا مرکزی کردار بنتا ہے لیکن حکومتی زعماء اپنے اس کردار کو یکسر نظر انداز کئے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا ۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ حکومت جب تک ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ فارمولے کو ختم نہیں کرتی عوام کو کسی صورت ریلیف نہیں مل سکتا ۔

اس فارمولے کی آڑ میں حکومت در حقیقت آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت عوام کو واقعی ریلیف دینا چاہتی ہے تو بجلی کی قیمتوں میں واضح طور پر 40فیصد کمی کا اعلان کر کے اسے کم از کم اپنے باقی ماندہ مدت تک منجمد کر دے ۔ انہوں نے موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اپوزیشن نے عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی ہے تو حکومت اس کا جمہوری انداز میںمقابلہ کرے نہ کے بیان بازی سے سیاسی درجہ حرارت بڑھایا جائے جس سے ملک میں مایوسی اور بے چینی پھیلتی ہے اور ایسے حالات معیشت کیلئے زہر قاتل ہیں۔

اپنا تبصرہ لکھیں