گوجرانوالہ (عکس آن لائن)وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہاہے کہ عمران خان کے امریکا مخالف بیانات کی وجہ سے آئی ایم ایف سے معاہدہ نہیں ہو رہا،پاکستان کے قرض میں تحریک انصاف نے 90 فیصد اضافہ کیا جس سے پاکستان کے وسائل سکڑ گئے،سابق حکومت نے سی پیک کو بھی روکا، منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا،بجٹ میں سولر پینل اور خام مال پر بھی کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے، یکم جولائی سے سولر پینل کے خام مال کی امپورٹ مفت ہوجائیگی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ پاکستان کے قرض میں تحریک انصاف نے 90 فیصد اضافہ کیا جس سے پاکستان کے وسائل سکڑ گئے، گزشتہ حکومت نے سی پیک کو بھی روکا، منصوبوں پر کوئی کام نہیں ہوا۔وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ 2019 میں آئی ایم ایف سے اس وقت کی حکومت نے بھیانک سودا کیا پھر بھیانک طریقے سے 2021 اسے میں توڑا، عمران خان نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں بھی بگاڑ پیدا کیا، گزشتہ حکومت کی وعدہ خلافیوں کی وجہ سے کوئی پاکستان پر اعتماد کیلئے تیار نہیں ہے، آئی ایم ایف کا معاہدہ نہیں ہو رہا تو اس کی وجہ عمران خان کے امریکا مخالف بیانات ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ بجٹ میں سولر پینل اور خام مال پر بھی کسٹم ڈیوٹی ختم کردی گئی ہے، یکم جولائی سے سولر پینل کے خام مال کی امپورٹ مفت ہوجائیگی۔انہوںنے کہاکہ تھر اب خواب نہیں حقیقت ہے ہم اب وہاں سے بجلی پیدا کر رہے ہیں، نیوکلیئر سے بھی بجلی پیدا کر رہے ہیں، بجلی کی قیمت میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہم نے اسے روکا ہوا ہے، بجلی کی ترسیل میں بہت بڑی پیش رفت ہوئی ہے، وہ سی پیک جوگزشتہ حکومت نے مفلوج کردیا تھا اب وہ بھی چل گیا ہے۔