حمزہ شہباز

عمران نیازی دھوکہ اور فریب ہے ،پنجاب کے لوگوں کی مفت دوائی اور علاج چھین لیا ، حمزہ شہباز

لاہور (عکس آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت نے تین سال میں عوام پر خرچ کرنے کے بجائے اقتدار کو اپنے خرچے پورے کرنے کے لئے استعمال کیا،تین سال ثبوت ہیں کہ عمران نیازی دھوکہ اور فریب ہے ،پنجاب کے لوگوں کی مفت دوائی اور علاج چھین لیا ،نواز شریف اور شہباز شریف نے کینسر کے مریضوں کو مفت دوائی دی تھی، عمران نیازی نے وہ بھی چھین لی۔

اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا آج تک الحمدللّٰہ پنجاب میں نواز شریف کی قیادت میاں شہباز شریف کے ہسپتال عوام کے علاج کے کام آ رہے ہیں ،دانش سکول جیسے مثالی سکولوں کا جال بچھایا اور پی کے آئی ایل جیسے جدید ترین ہسپتال بنائے،پی ٹی آئی نے پنجاب میں تعلیم اور صحت کے شعبے کو برباد کر کے رکھ دیا ہے،پی ٹی آئی حکومت صحت کے شعبے میں بھی اخراجات نہ کرسکی اور تین سال گزرنے پر ایک بھی نیا ہسپتال نہیں بنا سکی ،مسلم لیگ (ن) نے اپنی حکومت کے آخری سال میں صحت عامہ پر 44.49 ارب روپے خرچ کئے تھے ۔

انہوںنے کہا پی ٹی آئی نے مالی سال 2020-21 میں صحت عامہ کے لئے 32 فیصد کم وسائل مختص کئے ،پی ٹی آئی حکومت نے پنجاب میں تعلیم کے بجٹ میں بھی بڑی کٹوتی کی ،2020-21 کے سالانہ بجٹ میں تعلیم کی ترقی کی صورتحال مزید خراب ہے ،مسلم لیگ (ن) نے مالی سال 2018 میں تعلیم کی ترقی کے لئے 36.014 ارب خرچ کئے تھے ،پی ٹی آئی کے تین سال میں تعلیم کی ترقی کے لئے محض 31.55 ارب مختص کئے گئے ،اپریل 2021 تک اس بجٹ میں سے پنجاب حکومت صرف 13 ارب خرچ کرسکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں