لاہور (نمائندہ عکس ) معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب و ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ خان صاحب کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کررہا ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں حسان خاور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کی عوام کو اس کا حق لوٹا رہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ آئینی قرارداد پر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا اور واضح ہوجائے گا کہ کون جنوبی پنجاب کی عوام کیساتھ مخلص ہے اور کون دھوکہ دیتا رہا ۔ ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کا بجٹ رنگ فینسنگ سے صرف جنوبی پنجاب پر خرچ ہورہا ہے، ہم نے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ سے جنوبی پنجاب صوبہ کی راہ پہلے ہی ہموار کردی ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ خان صاحب کی قیادت میں ملک ترقی کی منازل طے کررہا ہے، لولی لنگڑی اپوزیشن کو ترقی کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایک طرف فضل الرحمان نمبر پورے کا بیان داغتے ہیں جبکہ دوسری طرف بلاول نمبر گیم پر متزلزل نظر آتے ہیں۔ حسان خاور نے کہا کہ فضل الرحمان جن طیاروں کی بات کر رہے ہیں وہ اس ناکام تحریک کے بعد اپوزیشن کو گھر لیکر جائیں گے ، اپوزیشن لوٹ کے بدھو گھر کو آئے جان بچی سو لاکھوں پائے پر خوش اور مطمئن نظر آئے گی۔ ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا تھا کہ آصف زرداری ن لیگ کو بچوں کی طرح کھیلا اور بہلا رہے ہیں، ن لیگ نہ چاہتے ہوئے بھی آصف زرداری کے اسکرپٹ پر چل رہی ہے جس میں ن لیگ کیلئے بڑی تباہی ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ اس فلاپ شو کے آخری لمحات شروع ہوچکے ہیں، تماش بینوں نے اپنی اپنی چیزیں سمیٹنا شروع کردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد کی ناکامی کے بعد ایک دوسرے پر الزام تراشیوں کی بوچھاڑ کا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، شہباز شریف لوٹ مار کے کیسز میں جلد گرفت میں آنے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ افسوس رہے گا کہ فضل الرحمان فلاپ شو میں بھی مرکزی کردار نہ ملنے پر بوجھل دل کے ساتھ واپس جائیں گے۔