رانا مشہود احمد

عمران خان کیلئے پورا بندوبست کر رکھا ہے ،وہ آئے گا نہیں اگر آ گیا تو جائے گا نہیں’رانا مشہود احمد

لاہور (عکس آن لائن) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کیلئے پورا بندوبست کر رکھا ہے ،وہ آئے گا نہیں اگر آ گیا تو جائے گا نہیں،پی ٹی آئی کے لوگ بندوق اور اسلحہ لے کر اسلام آباد جا رہے کیا یہ کشمیر ہے جو فتح کرنا ہے،ملک میں دو طرح کا قانون کیوں ہے عمران خان کو جلد انصاف اور ہمیں انصاف ملتا ہی نہیں،اب لاڈلا ازم ختم کرنا پڑے گا ،الیکشن چوری کانقصان (ن) لیگ نے کم اور ملک نے زیادہ اٹھایا، عمران خان جیسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا،جس وقت آ رہے تھے ہاتھ پیر باندھ کر آئی ایم ایف کے آگے ڈال دیا گیا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک سری لنکا بن جاتا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔

رانا مشہود احمد نے کہا کہ تحریک انصاف نے چار سال میں کوئی ہسپتال نہیں بنایا گیا نہ معیشت کو بہتر کیا بلکہ اس کے برعکس ملک کو آئی ایم ایف کے ہاتھوں فروخت کر دیا،کرپشن کے نئے باب رقم کیے گئے ،مرد تو مرد خواتین کی کرپشن بھی سامنے آئی، پنکی پیرنی اور فرح گوگی جیسے کردار سامنے آئے ،عمران خان کا اصل و مکروہ چہرہ سامنے آ چکاہے وہ صرف اقتدار چاہتا ہے۔بارہ بلین ڈالر کی سعودی عرب سرمایہ کاری کررہا ہے لیکن عمران نے سرمایہ کاروں کو بھگا دیا تھا، عمران خان نے ذاتی مفاد کیلئے سعودی عرب کو ناراض کیا، پونے چار سال میں ایک روپے کی سرمایہ کاری نہیں ہوئی اور اب سڑکوں پر خوار ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے گھڑیاں تو بیچیں لیکن اب ہیرو کے ہار بھی سامنے آنے ہیں،سی پیک کو بیک برنر میں ڈالا اسے ان شہبازشریف دوبارہ شروع کررہے ہیں،

جس وقت آ رہے تھے ہاتھ پیر باندھ کر آئی ایم ایف کے آگے ڈال دیا گیا اگر اقتدار میں نہ آتے تو ملک سری لنکا بن جاتا۔عمران خان مارچ سے دنیا کو کیا پیغام دے رہا ہے وہ بھارتی ایجنڈے پر چل رہا ہے،بھارت کہتا وہ کام جو کھربوں لگا کر ہم نہیں کرسکتے تھے وہ آج عمران خان نے خود ہی کر دیا ہے ،عمران خان خود کہتے تھے جو چاہتا ہوں اس فیصلے پر عمل ہوتا ہے مگر آج کہتے ہیں کہ فیصلے نہیں کرپا رہے تھے ،اگر فیصلوں پر عمل درآمد نہیں ہوتا تھا تو اقتدار سے واپس آ جاتے،عمران خان وہ کرتے رہے جس سے جیب بھری جائے،قوم نے عمران خان کا اصل چہرہ دیکھ لیا جس نے ملک کو تباہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ویژن پر ملک کو مضبوط کیا لیکن غدار عمران خان اقتدار کی جنگ لڑ رہے ہیں، عمران خان اپنے بیٹے کو بھی لانگ مارچ میں لائیں،پی ٹی آئی کے لوگ بندوق اور اسلحہ لے کر اسلام آباد جا رہے کیا یہ کشمیر ہے جو فتح کرنا ہے،

عمران خان جیسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہوگا۔رانا مشہود احمد نے کہا کہ اب لاڈلا ازم ختم کرنا پڑے گا اور عمران خان کے خلاف توہین عدالت کا کیس شروع ہونا چاہیے ۔جو رویہ نوازشریف سے رکھا وہ عمران خان کے ساتھ بھی رکھیں،کتابیں پڑھ کر فیصلے ہوں تو عمران خان جیل میں ہوگا ،میں چاہتا ہوں مجھے بھی عدالت بلایاجائے اور اگر مقدمہ ہوتو رہائی نہ ملے لیکن عمران خان کو گھر بیٹھے رہائی مل جاتی ہے ، وقت آنے پر شوکت صدیقی جیسے لوگ سامنے آئیں گے ،پندرہ لوگوں کو بدمعاشی سے پنجاب اسمبلی سے نکالا گیا ،اب ملک جبر وزیادتی سے نہیں چلے گا، جب تک ملک میرٹ پر نہیں چلے گا تو عزت سے روٹی نہیں ملے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6کے تحت کارروائی ہوگی جس کا پورا بندوبست ہے وہ آئے گا نہیں اگر آ گیا تو جائے گا نہیں۔انہوں نے کہا کہ 2018ء کا الیکشن چوری کاالیکشن تھا ، الیکشن چوری کانقصان (ن) لیگ نے کم اور ملک نے زیادہ اٹھایا، ملک میں دو طرح کا قانون کیوں ہے عمران خان کو جلد انصاف اور ہمیں انصاف ملتا ہی نہیں،ادارے نیوٹرل ہوئے تو عمران کو مسئلہ ہے ۔

اس موقع پر (ن) لیگ کے مرکزی رہنما خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پاکستان اور پنجاب میں ڈینگی وبا کی شکل اختیار کرچکا ہے،دو ہزار گیارہ سے دو ہزار اٹھارہ تک سات سال ڈینگی کا مقابلہ کیا، کے پی میں دس سال سے ڈینگی ہے لیکن وہاں مثبت اقدامات نہیں کئے دس ہزار ڈینگی مریض ہیں، پنجاب میں جب بھی پی ٹی آئی حکومت آئی ڈینگی کا مقابلہ نہیں کر پا رہے،آج ڈینگی کے پندرہ سے سولہ ہزار مریض ہیں اور چوبیس لوگ ڈینگی سے ہلاک ہو چکے ہیں،پی ٹی آئی ناقص حکمت عملی سے ڈینگی وبا کی شکل اختیار کر چکی ہے،لاہور، راولپنڈی ، ملتان ، اسلام آباد ، کے پی، کراچی میں بے شمار ڈینگی کے مریض ہیں، تمام صوبے اور حکومت ہمارے ڈینگی کے بنائے ایس او پیز پر عمل کریں تو لوگوں کی جان بچ جائیں گی۔سلمان رفیق نے کہا کہ آج دوبارہ معیشت کو خراب کیاجارہاہے توجہ ڈینگی کے بجائے لانگ مارچ پر ہے، ڈینگی کو ختم کیاجاسکتا ہے اگر کام کیاجائے۔ہمیں تو مقدمات پر ضمانت نہیں ملتی لیکن عمران خان کوگھر بیٹھے مل جاتی ہے۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حمزہ شہباز صحت یابی کے بعد سیاست میں متحرک نظر آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں