مسرت جمشید چیمہ

عمران خان کو انصاف میسر نہیں تو عام آدمی کو کیا ہو گا ، ایف آئی آر اندراج کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے’مسرت جمشید چیمہ

لاہور ( نمائندہ عکس)ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ عمران خان کو انصاف میسر نہیں تو عام آدمی کو کیا ہو گا ، ایف آئی آر اندراج کے معاملے پر پیچھے نہیں ہٹیں گے ،پی ٹی آئی موروثی سے پاک ہے اور عمران خان کے بچوں کا تعلق سیاست سے نہیں ،چیئرمین لانگ مارچ کو لیڈ کرنے روالپنڈی ضرور پہنچیں گے ، پنجاب حکومت نہیں بلکہ جمہوریت کمزور ہے اور اسکی بحالی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز زمان پارک میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ایک خاندان جس کو اپنے اوپر صادق و امین کا شوق ہے انگلینڈ عدالت نے انہیں انٹر نیشنل چور سرٹیفکیٹ دیدیا ہے ،لندن میں ہتک عزت کا دعویٰ کیا تو شریفوں کو ڈیڑھ کروڑ روپے کا جرمانہ ادا کیا گیا ،عدلیہ نے ان سے صادق و امین کا تمغہ چھین لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی شکر گزار ہوں کہ انہوں نے چوروں خفیہ طاقتوں و لٹیروں کو بتا دیا کہ قوم جاگ اٹھی اور کسی سے ڈرنے والی نہیں ہے،عمران خان نے قوم کو جگا دیا ہے،عوام آئین و قانون کی بحالی کیلئے اپنا حصہ ڈالیں گے ۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری اور اسلام آباد و پشاور رجسٹری میں جائیں گے ،چار سوال اعلی عدلیہ سے کریں گے کہ ملک میں ریجیم چینج سائفر سے شروع ہوئی تو عمران خان پر جان لیوا حملہ ہوا،سب سے طاقتور لیڈر عمران خان اپنی ایف آئی آر درج نہیں کروا سکے ایسا تو بنانا ریپبلک میں بھی نہیں ہوتا ۔پی ٹی آئی اور عوام چاہتے ہیں کہ ہر انسان کو انصاف ملے ۔ مگر انصاف کے نظام نے خود کو ننگا کر دیا جس طرح ارشد شریف صحافی کو شہید کیا اور شہباز گل کے ساتھ بہیمانہ سلوک کیا گیا ، کیا آپ لوگوں کو ڈرانا دھمکانا چاہتے ہیں تو اطلاع کیلئے عرض ہے نہ جھکیں گے نہ ڈریں گے۔

مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ انسانی بنیادوں حقوق پاکستان میں میسر نہیں ہیں،عمران خان کو انصاف میسر نہیں تو پھر کس کو انصاف میسر ہوگا، جب تک انصاف نہیں ملتا روزانہ لانگ مارچ یا احتجاج کرتے رہیں گے جبکہ سپریم کورٹ رجسٹری میں اعظم سواتی کے انصاف کیلئے جھولی پھیلائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ڈرائنگ روم میں شطرنج کا کھیل ختم ہونا چاہیے ، عمران خان کے ساتھ جو سانحہ ہوا اس پر بہت سوال اٹھائے گئے ۔عمران خان کے بچوں کا تعلق سیاست سے نہیں ،پی ٹی آئی موروثی سے پاک ہے ،عمران خان اور انکے خاندان کو سکیورٹی خدشات ہیں ،جب پاپولر لیڈر کے بچوں کو سرکاری سکیورٹی دی گئی اسے پروٹوکول نہیں کہتے،اب عمران خان کے تحفظ کے لئے کے پی پولیس آئی تو ملٹی پل سکیورٹی تحفظ کیلئے لی گئی ہے، عمران خان کو ڈاکٹروں نے چار ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے وہ راولپنڈی ضرور جائیں گے اور خطاب کریں گے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے کے خلاف نہیں ہیں ،شہبازشریف ،رانا ثنااللہ اور ایک اعلیٰ آفیسر کے خلاف مقدمہ درج کروانا چاہتے ہیں اس سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔مسرت چیمہ نے کہا کہ حسین الٰہی اور گجرات کی عوام کا شکریہ جس نے لانگ مارچ کا بھرپور استقبال کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نہیں بلکہ جمہوریت کمزور ہے اور اسکی بحالی کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میجر (ر) خرم حمید پارٹی میں ہوتے تھے ان سے خاص ملاقات نہیں ہوئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں