کیپٹن(ر)محمد صفدر

عمران خان کا ایجنڈا فوج نہیں بلکہ ریاست اور آئین کے خلاف ہے،کیپٹن(ر)محمد صفدر

ننکانہ صاحب(نمائندہ عکس)مسلم لیگ(ن)کے رہنماء کیپٹن(ر)محمد صفدر نے کہا ہے کہ عمران خان اسلامی جمہوریہ پاکستان کیلئے سیکورٹی رسک بن گیا ہے ،عمران خان کا ایجنڈا فوج نہیں بلکہ ریاست اور آئین کے خلاف ہے 2018ء میں عمران خان ملک کے خلاف سازش کا ایک ایجنڈا لے کر آیا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزشاد باغ کالونی ننکانہ صاحب میں ضمنی الیکشن این اے118کے سلسلہ میں حکیم محمد اکرم، ڈاکٹر عادل سپرا، محمد آصف اور اہل علاقہ کے زیر اہتمام منعقدہ ایک کارنر میٹنگ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔کارنر میٹنگ میں ڈاکٹر شذرہ منصب علی خاں ، صدر پیپلز پارٹی لاہور ڈویڑن رائے شاہجہان احمد خاں بھٹی، ضلعی صدر مسلم لیگ(ن)رانامحمد ارشد اور ایم پی اے مہر کاشف رنگ الٰہی پڈھیار، صدر مسلم لیگ( ن )لائرز فورم رائے معمر قذافی ، سابق کونسلر حاجی محمد نواز اکمل سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

کیپٹن(ر)محمد صفدر نے کہا کہ ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت پا ک فوج کو بدنام کیا جا رہا ہے ،عمران خان نے گزشتہ چار سالوں میں ملک کا بیڑہ غرق کیا،ا س نے ملک کی معیشت ،اداروں ، سیاسی روایات اور اخلاقیات کو تباہ کیا اور نوجوان بچوں کو بے راہروی کی طرف لے جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں سیلاب سے تباہی مچی ہوئی ہے ،عمران خان جلسوں میں اداروں کے خلاف بول رہا ہے اور عدالتوں پر دبائوڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فوج کسی ایک شخص کی نہیں ہے بلکہ فوج ریاست پاکستان اور1973کے آئین کی ہے پوری قوم اپنی بہادر فوج کے ساتھ کھڑی ہیانہوں نے کہا کہ ہم نے بروقت عدم اعتماد لاکر ریاست ،آئین اور جمہوریت کو بچایا ،اگر عمران خان ایک سال اور رہ جاتا تو آج ڈالر 300 کا ہوتا اور مہنگائی بھی اس سے زیادہ ہوتی۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ آئی ایم ایف کو کہہ رہے ہیں اس کو قرض نہ دو تاکہ ملک دیوالیہ ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ2013 کے بعد میاں نواز شریف نے پاکستان کو خون دل دے کر نکھارا تھا اورآنے والے دنوں میں میاں نواز شریف اور اسحاق ڈار پاکستان کو ان مشکلات کے بھنور سے نکالیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں