عمران خان

عمران خان نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا دوبارہ آغاز کر دیا

اسلام آباد(نمائندہ عکس) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 10 بلین ٹری سونامی منصوبے کا دوبارہ سے آغاز کر دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔ منصوبے کے تحت موسم برسات میں پنجاب اور خیبر پختونخوا میں 10 کروڑ پودے لگائے جائیں گے جبکہ جشن آزادی کے موقع پر 14 لاکھ پودے لگائے گئے۔ عمران خان نے کہا کہ رواں سال پاکستان پر موسمیاتی تبدیلی کے بڑے منفی اثرات پڑے ہیں۔ مارچ اور اپریل کے دوران پاکستان میں دنیا کے مقابلے سب سے زیادہ گرمی پڑی اور گرمی کی شدت کی وجہ سے پاکستان کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات بڑھے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال پاکستان میں بارشیں وقت سے پہلے ہوئیں جو سیلابوں کا موجب بنیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی کی بدولت شمالی علاقہ جات میں 3 جگہ گلیشئرز ٹوٹ چکے تھے۔ گلیشئرز ٹوٹنے کی وجہ سے سیلاب آئے اور علاقوں میں شدید تباہی مچا دی۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ اپنے بچوں کے بہتر مستقبل کے لیے درخت لگانا ہماری قومی ذمہ داری ہے اس لیے اس موسم میں خیبر پختونخوا اور پنجاب میں ہم 10،10 کروڑ درخت لگائیں گے۔ عمران خان نے عوام سے اپیل کی کہ ہماری شجرکاری مہم میں پوری طرح شرکت کریں۔

اپنا تبصرہ لکھیں