مریم نواز

عمران خان سازش کرنا بند کردیں ،مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے،مریم نواز

لاہور (عکس آن لائن) مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نوا نے کہا ہے کہ عمران خان سازش کرنا بند کردیں ،مزدور کے حالات ٹھیک ہوجائیں گے۔ لاہور میں مسلم لیگ ن کے لیبر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ پتہ نہیں تھا مسلم لیگ ن کا لیبر ونگ اتنا متحرک ہے ، دیکھ کر خوشی ہوئی، ہمارے محنت کش ملک کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، خواہش ہے کہ کم سے کم اجرت 40 ہزار ہو۔

انہوں نے کہا کہ وزیرخزانہ اوروزیراعظم تک یہ بات پہنچاوں گی کہ کم سے کم تنخواہ 40ہزار ماہانہ ہونی چاہیے، مشکل اورسخت معاشی حالات کے باوجود وزیراعظم نے ماہانہ تنخواہ 35ہزار روپے کی، 2017میں روٹی 2روپے کی تھی اور مزدور کے بچے پیٹ بھر کر روٹی کھاتے تھے، آج سب سے زیادہ ترقی میں ہاتھ مزدور کا ہے اور ان کو روٹی نہیں مل رہی۔ مریم نوازنے سابق وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک کی ترقی میں ایک شخص حائل ہے اس کا نام عمران خان ہے، وہ بھی وقت تھا جب ڈالر 100روپے کا تھا، 2013سے 2017تک آٹے کی قیمت 35روپے سے بڑھنے نہیں دی ، نوازشریف ایک ہی بات کرتے تھے اس ملک کا مزدور پیٹ بھر کر کھانا کھائے ۔

انہوں نے کہا کہ 2روپے کی روٹی آج 25روپے کی ہے ،کس کو الزام دینا ہے؟ صرف عمران خان ذمہ دار نہیں بلکہ پورا ٹولہ ہے، ملک پیچھے کی طرف کیوں جارہا ہے آج مجھے بات کرنی پڑے گی، اس گینگ کا سربراہ عمران خان ہے، مریم نواز نے کہا پاکستان کا کرپٹ ترین شخص اس گینگ میں شامل ہے۔

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ نوازشریف نا کھاتا ہے نا کھانے دیتا ہے، یہ کھاتے بھی ہیں اور کھانے بھی دیتے ہیں، عمران خان کی سازش کو سمجھنے کی ضرورت ہے، سینئر ترین ججز نے ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ فروخت کیے جارہے ہیں، آڈیو لیکس میں حقائق سامنے آگئے ہیں، ایک ٹکٹ کے ایک کروڑ روپے لیے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں