عبداللہ شفیق

عبداللہ شفیق انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے پرجوش

لاہور (عکس آن لائن) ٹیسٹ کرکٹر عبداللہ شفیق انگلینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز کے لیے پرجوش ہیں۔ اس حوالے سے انہوں نے کہاکہ انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز کے منتظر ہوں، ہمارے لیے انگلینڈ کے خلاف سیریز ایک چیلنج ہو گی۔بائیس سالہ عبداللہ شفیق ٹیسٹ کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ پرفارم کر رہے ہیں ، وہ اب تک سات ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں جن میں انہوں نے 66.90کی اوسط سے 736رنز اسکور کیے ہیں جن میں دو سنچریاں اور 4نصف سنچریاں شامل ہیں، وہ ایک ون ڈے انٹرنیشنل اور 3ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز بھی کھیل چکے ہیں۔عبداللہ شفیق نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میں اچھا کھیلتے آ رہے ہیں، اسی کو برقرار رکھیں گے، بس اب چھوٹی چھوٹی خامیوں پر قابو پانا ہے، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنا ہے، اور اس کے لیے ہم سب ڈومیسٹک کرکٹ میں میچز کھیلنے پر توجہ دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے پرجوش اس لیے بھی ہوں کہ جن کھلاڑیوں کو ٹی وی پر ٹیسٹ کھیلتے دیکھا ان کے خلاف یہاں کھیلیں گے، انفرادی گول کے بارے میں نہیں سوچا، اچھی پرفارمنس ٹارگٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہوم سیریز سے قبل فوکس قائد اعظم ٹرافی پر ہے، کوشش یہی ہے کہ چار روزہ میچز میں اپنی فارم کو برقرار رکھوں، ہماری فرسٹ کلاس کرکٹ کا بڑا نام ہے، مقابلے کی کرکٹ ہوتی ہے، ہم ڈومیسٹک کھیل رہے ہیں، اس لیے لمبے وقفے کے بعد ٹیسٹ کھیلنے سے فرق نہیں پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں