وزیر مذہبی امور

عازمین نے اپنے کردار و گفتار سے ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی قوم ایک متحد قوم ہے ، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد/ مکہ مکرمہ (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور نے عازمین حج سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کا چہرہ اور سفیر ہیں سعودی عرب میں قیام کے دوران حرمین کے احترام اور سعودی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ منگل کو مکہ مکرمہ میں عازمین حج میں جائے نماز اور قالین کے تحائف کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عازمین نے اپنے کردار و گفتار سے ثابت کرنا ہے کہ پاکستانی قوم ایک متحد قوم ہے اور ان کا حرم شریف کے ساتھ خصوصی لگاو ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے اپنے حجاج کے حج اخراجات کو کم سے کم رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور مولانا فضل الرحمن ، وزیر اعظم شہباز شریف اور وزرا کی خصوصی کوششوں اور کابینہ کی منظوری سے حکومت تاریخ میں پہلی بار ہرحاجی کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی سبسڈی دینے میں کامیاب ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رقم وفاقی حکومت نے مذہبی امور کے اکاونٹ میں منتقل کر دی ہے اور وزارت مذہبی امور حجاج کرام کی وطن واپسی کے ساتھ ہی ان کے اکاونٹ میں منتقل کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ حجاج اللہ کے مہمان ہیں اورحکومت تمام حاجیوں کی بہترین خدمت کو یقینی بنا رہی ہے اور مناسک حج کی ادائیگی کے دوران منی، مزدلفہ اور عرفات اور دیگر مشاعر میں حجاج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہے، وزیر مذہبی امور نے کہا کہ پاکستان حج مشن کی کوششوں اس بار ہم اپنے حجاج کرام کو جمرات کے قریب اولڈ منی میں مرکزی شاہراہ کے قریب ٹھہرانے کیلئے تمام امور طے کر چکے ہیں۔

حج کے معاملے میں وہ اپنی وزارت کے ساتھ نہیں بلکہ اپنے حاجیوں کے ساتھ کھڑے ہونگے حجاج کو سہولتیں فراہم کرنا ہمارا احسان نہیں بلکہ ہم پرفرض ہے۔ مفتی عبد الشکور نے بہترین حج انتظامات پر پاکستان حج مشن کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حرم کی سرزمین پر اپنے قیمتی اوقات کو عبادات میں گزاریں اور اپنی دعاوں میں مملکت خداداد پاکستان اور مملکت سعودی عرب کی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا کریں۔تقریب کے اختتام پر انہوں نے حجاج کرام میں انتہائی بیش قیمت تحائف تقسیم کئے ۔قبل ازیں وفاقی وزیر نے منی میں عارضی خیمہ بستی آباد کا بھی دورہ کیا جہاں مناسک حج کی ادائیگی کے دوران پاکستان سمیت دنیا بھر سے آئے ہوئے دس لاکھ عازمین حج قیام کریں گے۔ انہوں نے پاکستانی عازمین حج کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر ڈائریکٹر حج مکہ ساجد منظوری اسدی نے وزیر مذہبی امور کو منی میں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت نے اس سال منی میں انتظامات کو مزید بہتر بنایا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں