وقار یونس

شکیب الحسن نے ویرات کوہلی کو کہا آپ بیٹنگ کریں امپائرز کو امپائرنگ کرنے دیں ،وقار یونس

لاہور ( عکس آن لائن) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان ہونے والے میچ پر پاکستان کے سابق کپتان و فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی ردعمل دیا ہے۔ایک نجی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے وقاریونس نے کہا کہ میچ میں بنگلادیشی کپتان شکیب الحسن ویرات کوہلی کو یہی کہہ رہا ہے کہ امپائرز کو امپائرنگ کرنے دیں اور آپ بیٹنگ کریں۔وقار یونس نے کہا کہ میچ کے دوران ویرات کوہلی کو امپائرز سے کچھ نہیں کہنا چاہیے تھا، کوہلی کرکٹ میں بہت بڑا نام ہے،امپائر کسی وقت پریشر میں آجاتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں بھارت اور بنگلادیش کے درمیان بدھ کو کھیلے گئے میچ کے16ویں اوور کی آخری گیند پر بھارتی بیٹر ویرات کوہلی نے پل شاٹ کھیلنے کے فوراً بعد اسکوائر لیگ کو گیند کی اونچائی دیکھنے کا اشارہ کیا تھا۔

ویرات کوہلی کی جانب سے امپائر کو اشارہ کرنے کے فوراً بعد بنگلادیشی کپتان بھارتی بیٹر کے پاس آکر ان سے گفتگو کرنے لگے تھے۔دوسری جانب اسی میچ کی دوسری اننگز میں بھی ویرات کوہلی ایک مرتبہ پھر سب کی توجہ اور خبروں کی زینت بنے جب انہوں نے فیلڈنگ کے دوران نامناسب رویہ اختیار کیا۔ویرات کوہلی کی اس حرکت پر بنگلادیشی بیٹرنور الحسن اور کرکٹ بورڈ آپریشنز کے چیئرمین جلال یونس نے ان پر فیک فیلڈنگ کا الزام بھی لگایا ہے۔یاد رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد بھارت نے بنگلادیش کو 5 رنز سے شکست دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں