گیانا(عکس آن لائن ) قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں9000رنز مکمل کرنے والے دنیا کے محض چوتھے بلے باز بن گئے ہیں۔ شعیب ملک نے یہ اعزاز کیربیئن پریمیئر لیگ میں گیانا ایمزون واریئرز کی جانب سے باربڈوس ٹرائیڈنٹس کی ٹیم کے خلاف جیت کے دوران حاصل کیا۔37سالہ شعیب ملک نے محض19گیندو ں پر32رنز سکور کیے اور گیانا کی ٹیم باربڈوس کے خلاف 30رنز سے کامیابی حاصل کرکے سی پی ایل کے فائنئلز میں پہنچ گئی۔
شعیب ملک اب تک356ٹونٹی ٹونٹی میچز میں 37.40کی اوسط سے9014رنز سکور کرچکے ہیں جن میں53نصف سنچریاں شامل ہیں،انہوں نے یہ رنز 125.15کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے ہیں۔جارح مزاج ویسٹ انڈین اوپنر کرس گیل13051رنز کے ساتھ اس وقت دنیا کے کامیاب ترین ٹونٹی ٹونٹی بلے باز ہیں ،سابق کیوی کپتان برینڈن میکولم9922رنز کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبرپر موجود ہیں جب کہ ویسٹ انڈین آل رانڈر کیرون پولارڈ9757رنز کے ساتھ تیسری پوزیشن پر موجود ہیں۔