مدینہ منورہ(عکس آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان اور آل راونڈر شاداب خان نے اہلیہ کے ہمراہ روضہ رسول پر حاضری دی اور شادی کی پہلی سالگرہ پر اہلیہ کے نام خوبصورت پیغام بھی لکھا۔
شاداب خان نے سماجی پلیٹ فارم ایکس پر شادی کو ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اہلیہ کے نام پیغام لکھا کہ شادی کے پہلا سال کے دوران میری زندگی میں کئی اتار چڑھاو آئے تاہم آپ میرے ساتھ کھڑی رہیں، ہم ایک ساتھ روئے، ایک ساتھ ہنسے ہیں، اور کئی لمحات کو یادگار بنایا۔
انہوں نے اپنی اہلیہ سے جیون ساتھی بننے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ شادی کے دوسرے سال کی شروعات ایک ساتھ عمرہ ادا کرتے ہوئے کررہے ہیں، اور ساتھ ہی انہوں نے اللہ سے ہمیں ہمیشہ خوش و خرم اور صحت مند زندگی گزارنے کی دعا بھی کی۔
آل راونڈر شاداب خان نے 24 جنوری 2023 کو قومی ٹیم کے کوچ ثقلین مشتاق کی بیٹی سے سادگی سے نکاح کیا تھا۔
ان کے نکاح کی تقریب نجی رکھی گئی، اس کے علاوہ کرکٹر کی اہلیہ سے متعلق بھی تمام معلومات کو نجی رکھا گیا تھا تاہم شاداب خان نے سوشل میڈیا پر اپنے نکاح کی ایک تصویر شیئر کرکے اس خبر سے متعلق مداحوں کو آگاہ کیا تھا۔