نماز جنازہ

سینئر صحافی ارشد شریف کی فیصل مسجد میں نماز جنازہ ادا ، ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک

اسلام آباد(نمائندہ عکس ) کینیا میں پولیس کی فائرنگ سے شہید ہونے والے صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کی نماز جنازہ فیصل مسجد میں ادا کر دی گئی، ایچ الیون قبرستان میں سپرد خاک ۔ نماز جنازہ خطیب فیصل مسجد پروفیسر ڈاکٹر قاری محمد الیاس نے پڑھائی، سیاسی، سماجی رہنماوں، صحافی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز، اعظم سواتی اور مراد سعید، سابق وزیراعظم اور ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی، پی پی رہنما فیصل کریم کنڈی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی نمازہ جنازہ میں شریک تھے،

ان کے علاوہ صحافتی برادری سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پمز ہسپتال اسلام آباد میں ارشد شریف کا پوسٹ مارٹم کیا گیا، 8 رکنی میڈیکل بورڈ میں ارشد شریف کے اہل خانہ کی درخواست پر دو ڈاکٹرز شامل کیے گئے۔پمز ہسپتال میں پوسٹم مارٹم کے دوران ارشد شریف کی میت کا ایکسرے اور سی ٹی اسکین بھی کروایا گیا، پمز کے پروفیسر ہاشم رضا نے بتایا کہ جو چیزیں فرانزک کیلئے بھیجیں گے ان پر کچھ دن لگ سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ارشد شریف کو اتوار کی رات کینیا کے شہر نیروبی میں مگاڈی ہائی وے پر شناخت میں غلطی پر پولیس نے سر پر گولی مار کر شہید کر دیا تھا، شروعاتی طور پر پولیس نے ارشد شریف کی ہلاکت کوشناختی غلطی کا نتیجہ قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں