نادیہ حسین

سیلاب متاثرین کی مدد مقابلہ سمجھ کر نہیں کی جانی چاہئے، نادیہ حسین

کراچی (عکس آن لائن)ماڈل، میک اپ آرٹسٹ اور اداکارہ نادیہ حسین نے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کی مدد کیلئے نہ صرف ملکی بلکہ عالمی اداروں کو بھی آگے آنا پڑے گا جب کہ متاثرین کی مدد مقابلہ سمجھ کر نہیں کی جانی چاہیے۔ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نے انسٹاگرام پر مختصر ویڈیو پیغام جاری کیاجس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کی مشکلات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی مدد کا سلسلہ ابھی شروع ہوا ہے جو کافی عرصے تک چلتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ملک بھر میں بہت زیادہ تباہی آئی ہے اور ان کی بحالی کیلئے عالمی اداروں کو بھی مدد کے لیے آگے آنا پڑے گا۔ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے بہت سارے لوگ آگے آ رہے ہیں اور نہ صرف ادارے بلکہ انفرادی طور پر بھی لوگ فلاحی کاموں میں مصروف دکھائی دیتے ہیں۔

نادیہ حسین نے کہا کہ شوبز شخصیت ہونے کی وجہ سے لوگ ان سے مدد پوچھ رہے ہیں کہ وہ کیا کر رہی ہیں اور یہ سوالات تمام میڈیا پرسنالٹیز سے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کے گھر کے ملازمین کا تعلق صوبہ سندھ سے ہے، جہاں سیلاب سے بہت بڑی تباہی آئی ہے اور وہ اپنے ہی ملازمین کی بحالی کے لیے اقدامات اٹھا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ملازمین کی مدد کر رہی ہیں اور وہ ان کی مدد کرتی رہیں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ بھی متاثرین کی مدد کریں وہ اپنی استطاعت کے مطابق کریں، انہیں متاثرین کی مدد مقابلہ سمجھ کر نہیں کرنی چاہیے۔انہوں نے مداحوں سے کہا کہ وہ چاہیں تو خود ذاتی طور پر متاثرین کی مدد کریں، چاہیں تو کسی ادارے کو فنڈز دیں اور چاہیں تو فلاحی کام کرنے والے کسی فرد واحد کو عطیات دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں