وزیراعلی پنجاب

سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے، وزیراعلی پنجاب

لاہور (نمائندہ عکس) وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کی ہدایت پر 24 رکنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ کمیٹی کے چیئرمین صوبائی وزیر راجہ بشارت اور وائس چیئرمین چیف سیکرٹری پنجاب ہوں گے۔

ڈیزاسٹر مینجمنٹ وزارتی کمیٹی کسی بھی ناگہانی آفت کے حوالے سے پیشگی پلان مرتب کرے گی جبکہ کمیٹی زلزلے، سیلاب یا کسی اور ناگہانی صورتحال کے حوالے سے احتیاطی اقدامات تجویز کرے گی۔ وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے بروقت اقدامات کیے ہیں جبکہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیلاب متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دیا ہے، سیلاب زدہ علاقوں کے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے آبیانیہ اور مالیہ معاف کر دیا گیا ہے۔ چودھری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے، پنجاب حکومت متاثرین کی بحالی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرین کی بحالی کے لئے مالی امداد کا خصوصی پیکیج دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں