سندھ ہائیکورٹ

سندھ ہائیکورٹ،بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیخلاف تحریکِ انصاف کی حکم امتناع کی استدعا مسترد

کراچی (کورٹ رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے خلاف تحریکِ انصاف کی حکم امتناع کی استدعا مسترد کردی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں بلدیاتی الیکشن کے شیڈول کے خلاف تحریک انصاف کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ گزشتہ روز بیرسٹر فروغ نسیم بھی یہی درخواست کی تھی جو مسترد کی جاچکی ہے۔ چوہدری آصف ایڈووکیٹ نےمقف پیش کیا کہ سپریم کورٹ نے حکومت سندھ کو بلدیاتی انتخابات آرٹیکل 140 اے کے تحت کرانے کی ہدایت کی ہے۔

حکومت سندھ ابھی تک بلدیاتی قوانین کو آئین کے آرٹیکل 140A سے ہم آہنگ نہیں کرسکی۔ وکیل درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ ضلع غربی تقسیم کرکے نیا ضلع کیماڑی تشکیل دیا گیا ہے۔ اس تقسیم سے ضلع غربی اور کیماڑی کے حلقوں میں تبدیلیاں ہوئی ہیں۔ ابھی نئے حلقے تشکیل نہیں دیے جاسکے، امیدواروں کواپنے ووٹررزاورعلاقوں کا پتہ ہی نہیں۔ جسٹس جنید غفار نے کہا کہ آپ نے الیکشن کمیشن اورحکومت سندھ کے ساتھ ساتھ پیپلزپارٹی کو کیوں فریق بنایا ہے؟ الیکشن کمیشن میں سیکڑوں پارٹیاں رجسٹرڈ ہیں توان سب کو فریق کیوں نہیں بنایا۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی پارٹی حکمران پارٹی ہے، اس نے اپنے مفاد کیلیے بدنیتی کی بنیاد پر حلقہ بندیاں کرائیں۔

عدالت نے کہا کہ تمام پارٹیاں الیکشن لڑنے کا حق رکھتی ہیں، حکومت سندھ کو فریق بنانے کے بعد سیاسی پارٹی کو فریق بنانے کا جواز نہیں۔ عدالت کی ہدایت پردرخواست گزارکے وکیل نے فریق کی حیثیت سے پیپلز پارٹی کا نام درخواست سے نکالتے ہوئے تحریک انصاف کی درخواست بھی ایم کیوایم کی درخواست کے ساتھ منسلک کردی۔ سندھ ہائی کورٹ نے مذید سماعت 23جنوری تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں