مبارکباد

سلطان النیادی کے کامیاب خلائی مشن پر اماراتی قیادت کی مبارکباد

ابوظہبی (عکس آن لائن)متحدہ عرب امارات کی قیادت نے سلطان النیادی کو خلائی مشن مکمل کرنے اور خلا میں چہل قدمی کرنے والے پہلے عرب خلا باز کا اعزاز حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی۔میڈیارپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابو ظبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید آل نہیان، یو اے ای کے وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم اور دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد آل مکتوم نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغامات میں اماراتی خلا باز کی قابلیت پر اپنے فخر کا اظہار کیا۔

شیخ محمد بن زاید نے اپنے پیغام میں لکھا کہ متحدہ عرب امارات کی عوام کو آپ پر اور آپ کی پوری ٹیم پر فخر ہے۔ آپ نے پوری قوم کے خوابوں کو نئی جہت تک پہنچایا اور ہم آپ کے کامیاب سفر اور بحفاظت واپسی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔سلطان النیادی اپنے تین دیگر ساتھی خلا بازوں کے ہمراہ بین الاقوامی سپیس سٹیشن سے سپیس ایکس کے راکٹ ‘ڈریگن’ میں 17 گھنٹے کا کٹھن سفر مکمل کر کے زمین پر واپس پہنچے ہیں۔شیخ محمد بن راشد نے اپنے پیغام میں سلطان النیادی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لاکھوں عرب نوجوانوں کو متاثر کیا اور خلائی ریسرچ اور سائنس کے لئے اہم خدمات انجام دی ہیں۔

سلطان النیادی نے خلا میں سینکڑوں سائنسی تجربات میں حصہ لیا جس میں خلا میں انسانی سیل کی نشو نما، مائیکرو گریوٹی میں آتشی مواد کو کنٹرول کرنا، دل، دماغ اور کارٹیلج میں ٹشو چپ ریسرچ، خلا بازوں کی نیند کی بہتری کے لئے ریسرچ سمیت دیگر کئی اہم تجربات مکمل کئے۔شیخ حمدان نے بھی اپنے پیغام میں اماراتی خلاباز کی بحفاظت واپسی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے عرب نوجوانوں کے روشن مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔

سلطان النیادی متحدہ عرب امارات سے دوسرے خلاباز ہیں جنہیں خلا میں جانے کا موقع ملا ہے۔ ان کا امریکہ میں طبی معائنے کے بعد امارات واپسی کے موقع پر پرتپاک استقبال کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں