سعودی عرب

سعودی عرب’ کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں عائد کردہ بڑی پابندیاں اٹھادی گئیں

ریاض (عکس آن لائن)سعودی عرب نے کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں عائد کردہ بڑی پابندیاں اٹھادیں۔سعودی عرب کے سرکاری خبررساں ادارے سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے باضابطہ ذرائع نے بتایا کہ مملکت میں سماجی فاصلے، باہر ماسک پہننے جیسے اقدامات اب لازمی نہیں۔حرمین شریفین ٹوئٹر اکاؤنٹ کے مطابق رمضان المبارک کے دوران مسجد الحرام اور مسجد نبوی اپنی مکمل گنجائش کے ساتھ کھل جائیں گی۔زائرین اور عازمین کے لیے واحد شرط کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانا ہے۔اس کے علاوہ 5 سال سے زائد عمر کے ویکسینیٹڈ بچے بھی حرمین میں داخل ہوسکیں گے البتہ 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو مساجد کے احاطے تک داخل ہونے کی اجازت ہوگی۔علاوہ ازیں مسجد الحرام میں نماز کی ادائیگی اور مسجد نبوی کی زیارت کے لیے اجازت لینے کی شرط ختم کردی گئی اور توکلنا ایپلیکشین پر ‘ویکسینیٹڈ’ ظاہر کرنا کافی ہوگا۔

تاہم عمرے اور روضہ رسول میں نماز کی ادائیگی کے لیے اجازت لینا اب بھی لازمی ہے۔مسجد الحرام، مسجد نبوی سمیت تمام مساضد میں سماجی فاصلے رکھنے کی شرط ختم کردی گئی ہے البتہ مساجد کے اندر ماسک پہننا اب بھی لازم ہے۔ تمام کھلے اور بند مقامات، سرگرمیوں اور تقریبات میں بھی سماجی فاصلے کا اطلاق ختم کردیا گیا۔ کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی ضرورت اب نہیں ہوگی البتہ بند مقامات پر اب بھی ماسک پہننا ضروی ہے۔ سعودی عرب پہنچنے والے مسافروں کے لیے پی سی آر اور ریپڈ اینٹیجن ٹیسٹ اب درکار نہیں ہوگا۔ مملکت آنے والے مسافروں کو ادارہ جاتی یا گھروں میں قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ سعودی عرب سے جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوسوٹوانام، زمبابوے، لیسوتھو، ایسٹوانا، موزمبیق، ملاوی، ماریشس، زمبیا، مڈغاسکر، انگولا، سیشیلز، کومروس، نائیجیریا، ایتھوپیا اور افغانستان سے پروازوں کی براہِ راست آمدو رفت پر پر لگائی گئی پابندی بھی ختم کردی ہے۔ البتہ کسی بھی قسم کے وزٹ ویزوں پر مملکت میں آنے والے تمام افراد کو انشورنس حاصل کرنے کی ضرورت ہوگی جو کسی بھی کورونا وائرس کے انفیکشن کے علاج کے اخراجات کو پورا کرسکے۔

اپنا تبصرہ لکھیں