سرگودھا (عکس آن لائن) سرگودھا یونیورسٹی نے سال2019ء کے داخلہ جات کے موقع پر نئے طلبہ کی رہنمائی کیلئے سہولت سنٹر قائم کر دیا ہے، سہولت سنٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید سہولیات سے لیس کیا گیا ہے جہاں طلبہ کے داخلوں، تعلیم، امتحانات، رجسٹریشن، این و سی سمیت دیگر تمام مسائل ون ونڈو آپریشن کے تحت حل کیے جائیں گے۔
سہولت سنٹر کو جدید ٹیکنالوجی کے آن لائن مینجمنٹ سسٹم سے لیس کیا گیا ہے جس کی وجہ سے طلبہ کو اپنے مسائل حل کرانے کیلئے متفرق دفاتر میں دھکے نہیں کھانے پڑیں گے جبکہ طلبہ کو موقع پر داخلوں کی آن لائن درخواست جمع کرانے کے متعلق تمام تر رہنمائی اور مدد فراہم کرنے کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ سہولت سنٹر میں بنائے گئے معلومات و معاون ڈیسک پر طلبہ کو تعلیمی قواعد و ضوابط، طلبہ کے ریکارڈز،فراہم کردہ تعلیمی پروگرامز،اکیڈمک کیلنڈر،امتحانات اور دیگر آفیشل امور کے بارے میں معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔
نئے طلبہ کی معاونت کیلئے ایڈوائزی سروسز کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ ڈگری کے انتخاب میں ان کی مدد کی جاسکے اور طلبہ مستقبل کے حوالے سے بہتر فیصلہ کر سکیں۔ سہولت سنٹر میں دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی معاونت کیلئے کال ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے تاکہ کسی بھی معلومات کیلئے طلبہ فون پر رابطہ کر سکیں، ہیلپ لائن کو مکمل کال سنٹر کی طرز پر قائم کیا گیا ہے۔سہولت سنٹر میں موجود پروفیشنل سٹاف طلبہ کو ٹرانسکرپٹس، ڈگری، این او سی، رجسٹریشن کارڈز اور دیگر تعلیمی دستاویزات کے حصول میں بھی مکمل معاونت فراہم کرے گا۔یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ سہولت سنٹر میں شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے جہاں شکایات کا اندراج کرا یا جا سکے گا اور ان شکایات کا ازالہ سہولت سنٹر کے ذریعے ہی کیا جائے گا جبکہ سہولت سنٹر طلبہ کو یونیورسٹی، ایچ ای سی ،ایچ ای ڈی کی جانب سے فراہم کردہ تمام سکالرشپس کی معلومات بھی فراہم کیا کرے گا۔سہولت سنٹر میں بینک سروسز کا کاؤنٹر بھی قائم کیا گیا ہے۔اس مرتبہ سرگودھا یونیورسٹی نے 150سے زائد ڈگری پروگرامز کیلئے 9972سیٹوں پر داخلوں کا اعلان کیا ہے جبکہ داخلوں کے مرحلہ کو آسان تر بنانے کیلئے داخلوں کا آن لائن سسٹم پہلے ہی متعارف کرایا جا چکا ہے۔