''زندگی تماشہ

”زندگی تماشہ” سمر ریلیز کے لئے ری شیڈول

کھڈیاں خاص(عکس آن لائن)”زندگی تماشہ” جس کا شائقین فلم بہت بے صبری سے انتظار کررہے تھے’کوپورے پاکستان کے سینما گھروں میں 2022کے موسم گرما میں ریلیز کے لئے ری شیڈول کردیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ قبل ازیں یہ فلم 18مارچ 2022کو سینماؤں میں نمائش کے لئے پیش کی جانی تھی۔آج اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ فلم کی ریلیز کی نئی تاریخ کا اعلان عید الفطر 2022ء کو کیا جائے گا۔فلم کے ڈائریکٹر اور کو پروڈیوسر سرمد کھوسٹ نے اس حوالے سے اعلان کرتے ہوئے مداحوں سے معذرت کی ہے جو اس بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ فلم کو دیکھنے کے لئے بے صبری سے انتظار کررہے تھے۔

سرمد کھوسٹ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ”اگرچہ مجھے ان لوگوں کے حوالے سے بہت افسوس ہے جو فلم کی ریلیز کا انتظار کر رہے ہیں’ لیکن درحقیقت فلم کی اسکریننگ کو ملتوی کرنے جیسا اہم اسٹریٹجک فیصلہ ہم نے اپنے ڈسٹری بیوٹر کی مشاورت اور ان کے مطالبے پر کیا ہے۔تاہم ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 2022ء کے موسم گرما میں اس کی عوامی ریلیز سے قبل بڑے شہروں کے منتخب سینما گھروں میں فلم کے خصوصی قبل از وقت نمائش شو پیش کئے جائیں گے۔اس مقصد کے لئے اسٹار لنکس پی آر اینڈ ایونٹس اور ان کے پارٹنر ہمبل بی نے خصوصی شوز کی نمائش کے لئے مانڈوی والا انٹرٹینمنٹ اور کھوسٹ فلمز کے ساتھ اشتراک کرلیا ہے۔””زندگی تماشہ”کی کو پروڈیوسر کنول کھوسٹ ہیں جب کہ اس فلم کی مصنفہ نرمل بانو ہیں۔

سماجی ڈرامہ ”زندگی تماشہ”کی کاسٹ میں عارف حسن’ایمان سلمان’ سمعیہ ممتاز اور علی قریشی شامل ہیں۔ فلم کی کہانی ایک خاندان کی عکاسی کرنے کے ساتھ ساتھ سیاست کی عکاسی بھی کرتی ہے۔یاد رہے کہ زندگی تماشہ کا پریمئر 2019ء میں بوسان انٹرنیشنل فلم فیسٹول ہوا تھا’یہ وہ کم جی سیوک ایوارڈ حاصل کرنے والی پہلی پاکستانی فلم تھی جس کے بعد فلم کو بین الاقوامی سطح پر بے حد پذیرائی حاصل ہوئی اور مختلف بین الاقوامی فیسٹولز میں اس کی نمائش کی گئی’

فلم کو موزیک انٹرنیشنل ساؤتھ ایشین فلم فیسٹول2020ء میں سبین محمود ایوارڈ آف کریج ان سینما کے علاوہ بہترین بین الاقوامی فیچر فلم اور بہترین ان اسمبل کاسٹ’2021ء کا دی سنو لیپرڈ ایوارڈ فار بیسٹ فلم (AWFF)’انڈی میم فلم فیسٹول 2021ء میں بیسٹ نریٹو فیچرز بائی ویویورز چوائس ایوارڈ اور یوکے ایشین فلم فیسٹول 2021ء میں بہترین فلم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوا۔زندگی تماشہ 2020ء میں 93ویں اکیڈمی ایوارڈز کے لئے بین الاقوامی فیچر فلم ایوارڈ کے زمرے میں پاکستان کی باضابطہ انٹری بھی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں