تہران (عکس آن لائن)ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے کہاہے کہ شام نے تہران کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ ترکیہ کی سرحد سے ملحق اپنی سرزمین کی حفاظت اندر سے کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔حسین امیر عبداللہیان نے ایرانی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ ان کے ملک نے مشترکہ ملاقاتوں کے دوران ایک تجویز پیش کی ہے کہ انقرہ ترکیہ کی سرزمین پر کسی قسم کے حملے کو روکنے کے دمشق کے عہد کے بدلے شام سے اپنی افواج کو ہٹانے کا عہد کرلے۔
انہوں نے کہا کہ شام اور ترکیہ کو جو تجویز پیش کی گئی ہے اس میں یہ بھی شامل ہے کہ روس اور ایران معاہدے کے ضامن ہوں گے اور شام اپنی فوجیں ترکیہ کی سرحد پر تعینات کرے گا۔ایرانی وزیر خارجہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا رپورٹس تھیں کہ امریکہ شام اور عراق کے درمیان البوکمال سرحد کو بند کرنے کے مقصد سے عسکری کارروائیاں کر رہا ہے لیکن ہماری تحقیقات کے مطابق اس زمین پر کوئی حرکت نہیں ہوئی۔
تاہم انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کا ایسا کرنے کا ارادہ ضرور ہے۔ وہ ماضی میں ایسا کر چکا، اب بھی اگر اسے موقع ملا تو وہ ایسا کرے گا۔ تاہم انہوں نے کہا کہ شام اورعراق کسی فریق کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔