روس

روس ،یوکرائن دورے سے قبل یواین سیکرٹری جنرل آج ترکی جائیں گے

ماسکو (عکس آن لائن) روس یوکرین ثالثی کی کوششوں کے سلسلے میں سیکریٹری جنرل اقوامِ متحدہ انتونیو گوتیریس روس اور یوکرین کے دورے سے قبل ترکی کا دورہ کریں گے۔میڈیارپورٹس کے مطابق اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل ماسکو اور کیف کے دورے سے قبل 25 اپریل کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ جائیں گے۔سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیریس کے انقرہ پہنچنے پر ترک صدر اردوان ان کا خیر مقدم کریں گے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق روس یوکرین ثالثی کی کوششوں کے لیے انتونیو گوتیریس ترکی کے بعد روس اور یوکرین جائیں گے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی نے بتایا کہ انتونیو گوتیریس منگل کو ماسکو میں روسی صدر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا یہ بھی کہنا تھا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل جمعرات کو یوکرین کا دورہ کریں گے۔یوکرینی صدر نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے کیف سے پہلے ماسکو جانے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے فیصلے میں کوئی انصاف اور کوئی منطق نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں