لاہور(عکس آن لائن)رواں سال ملک میں کپاس کی پیداور میں نمایاں کمی کا امکان ہے جس کے باعث ملکی ٹیکسٹال ایکسپورٹ میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سفید مکھی اور بارشوں سے کپاس کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے جس کے باعث پیداوار میں کمی کا امکان ظہار کیا جارہا ہے۔
ذرائع کے مطابق کپاس کا پیداواری ہدف ایک کروڑ 27 لاکھ بیلز حاصل نہ ہونے کے امکان ہے، رواں سال ہدف سے 37 لاکھ بیلز کم پیداوار ہوگی اور کپاس کی کل پیداوار 90 لاکھ بیلز تک محدود رہنے کے امکانات ہیں۔محکمہ موسمیات کی طرف سے درجہ حرارت میں غیر متوقع اضافے کے بارے میں پیشگوئی نہ ہونا اور سفید مکھی کے حملے میں اضافہ موجودہ صورت حال کا باعث بنا ہے۔
رواں کاٹن سیزن کے آغاز پر معیاری کپاس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ایکسپورٹ کے سودے ہوئے ہیں، اور 7 ہزار 500 کاٹن بیلز ایکسپورٹ ہو چکی ہیں تاہم سفید مکھی کے حملے کے سبب روئی کا معیار گرنے کی وجہ سے مزید کاٹن بیلز کے سودے منسوخ ہو رہے ہیں۔