خواجہ آصف کا بیان ریاستی اداروں کی آڑ میں سیاسی انتقام کی شرمناک کوشش ہے، عثمان ڈار

خواجہ آصف کا بیان ریاستی اداروں کی آڑ میں سیاسی انتقام کی شرمناک کوشش ہے، عثمان ڈار

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے کہاہے کہ خواجہ آصف کا بیان ریاستی اداروں کی آڑ میں سیاسی انتقام کی شرمناک کوشش ہے۔ اپنے بیان میں عثمان ڈار نے کہاکہ غیر ملکی کمپنی کا نوکر عمران خان کو آئین اور قانون کے احترام کا درس نہ دے۔ عثمان ڈار نے کہاکہ خواجہ آصف اپنی ”جاب ایپلیکیشن”پیش کرنے سے پہلے اپنے ہی بیانات کا جائزہ لیں۔ عثمان ڈار نے کہاکہ فوج کے خلاف جو زہر خواجہ آصف نے اگلا وہ تاریخ کا حصہ ہے، قانونی کاروائی کا ہاتھ آپ پر پڑا تو اقامے بھی نہیں بچا سکیں گے۔

انہوںنے کہاکہ آپ عمران خان پر تنقید سے جو نوکری پکی کرنا چاہتے ہیں وہ نہیں ہو گی، عمران خان کے پاس آپ کی طرح نہ اقامہ ہے نہ بیرون ملک کمپنی کی نوکری۔ عثمان ڈار نے کہاکہ کیا غیر ملکی بینک کا ملازم بتائے گا کہ عمران خان کو سیاست کیسے کرنی چاہیے؟ ۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان اپنے ملک کی مٹی کا وفادار ہے جینا مرنا صرف پاکستان ہے، چوروں کا ٹولہ عمران خان کو قانون کے احترام کا بھاشا دینا بند کرے۔

اپنا تبصرہ لکھیں