خادم الحرمین

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کے فرامین کے تحت وزرا اوراعلی عہدے داروں کا تقرر

ریاض(عکس آن لائن) خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کابینہ میں ردوبدل کے لیے متعدد فرامین جاری کیے ہیں۔ان کے تحت بعض وزرا کو سبکدوش کیا گیا ہے اور ولی عہد کے سیکریٹری اور مرکزی بنک کے نائب گورنر سمیت متعدد اعلی عہدوں پرنئے تقرر کیے گئے ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق شاہ سلمان نے ایک فرمان کے تحت وزراتی کونسل کے سیکرٹری جنرل شہزادہ عبدالرحمن بن محمد بن عبدالعزیز بن عیاف آل مقرن کو ان کے عہدے سے سبکدوش کردیا ہے اورانھیں اس کے بجائے شاہی دربار کا مشیر مقررکیاہے۔ان کا عہدہ وزیر کے برابر ہوگا۔ایک شاہی فرمان کے تحت ڈاکٹر بندر بن عبید بن حمودالرشید کوولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا سیکریٹری مقررکیا گیا ہے۔ وہ اپنے دیگر فرائض بھی انجام دیتے رہیں گے۔منصوربن عبداللہ بن علی بن سلمہ کوولی عہد کا نائب سیکریٹری مقررکیا گیاہے۔

شاہ سلمان نے ایمن بن محمد بن سعود السیاری کو سعودی مرکزی بینک (ساما)کا نائب گورنربرائے سرمایہ کاری اور تحقیق مقررکیا ہے۔ان کا منصب بھی وزیر کے عہدے کے مساوی ہوگا۔پانچویں شاہی فرمان کے تحت محترمہ الشیہانہ بنت صالح بن عبداللہ العزاز کو وزارتی کونسل کی نائب سیکرٹری جنرل مقررکیا گیا ہے۔محمدبن عبداللہ بن صالح العمیل کاوزارتی کونسل کے نائب سیکرٹری جنرل برائے کونسل امور کے عہدے پرتقرر کیا گیا ہے۔دوسرے فرامین کے مطابق عبدالعزیز بن اسماعیل بن رشاد ترابزونی شاہی دربار کے مشیرہوں گے۔شہزادی ہیفا بنت محمد بن سعود بن خالد العبدالرحمن آل سعود نائب وزیر سیاحت ہوں گی۔ڈاکٹررمیح بن محمدالرمیح کو ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز کا نائب وزیر مقررکیا گیا ہے۔ وہ ٹرانسپورٹ جنرل اتھارٹی کے قائم مقام صدربھی ہوں گے۔ایہاب بن غازی بن فہمی الحشانی کو سعودی کابینہ میں بلدیات ، دیہی اموراور مکانات کے نائب وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

انجینیرعبدالعزیز بن حمد بن صالح الرمیح نائب وزیرصحت برائے منصوبہ بندی اور ترقی کا قلم دان سونپا گیا ہے۔احمد بن سفیان بن عبد الرزاق الحسن نائب وزیربرائے ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز ہوں گے۔شاہ سلمان کے ایک فرمان کے تحت ڈاکٹر خالد بن ولید بن فضل الظاہرکو سعودی عرب کے مرکزی بینک (ساما)کا نائب گورنرمقرر کیا گیا ہے۔ وہ ساما کے کنٹرول اور ٹیکنالوجی کے شعبے کے سربراہ ہوں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں