دھان

حکومت پنجاب نے دھان کی منظور شدہ باسمتی اقسام پر 1200روپے فی تھیلہ اور غیر باسمتی اقسام پر 800روپے فی تھیلہ سبسڈی کی فراہمی شروع کردی

فیصل آباد (عکس آن لائن):حکومت پنجاب نے دھان کی منظور شدہ باسمتی اقسام پر 1200روپے فی تھیلہ اور غیر باسمتی اقسام پر 800روپے فی تھیلہ سبسڈی کی فراہمی شروع کردی ہے اور کہا ہے کہ یہ سبسڈی منتخب باسمتی اقسام سپر باسمتی،باسمتی 515،پی کے 1121(ایرومیٹک)،کسان باسمتی،سپر باسمتی 2019 اور سپرگولڈ جبکہ غیر باسمتی اقسام کے ایس کے 133،پی کے 386، نیاب اری9،کے ایس 282اور اری 6پر دی جارہی ہے جوصرف رجسٹرڈکسان تھیلوں میں موجود واچر کے ذریعے حاصل کرسکتے ہیں لہذا جن کاشتکاروں نے ابھی تک رجسٹریشن نہیں کروائی وہ فوری رجسٹریشن کیلئے محکمہ زراعت توسیع کے مقامی دفاتر سے رابطہ کریں۔ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد چوہدری عبدالحمید نے بتایا کہ دھان کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت پنجاب کے 15اضلاع فیصل آباد، جھنگ،چنیوٹ، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب،بہاولنگر،

نارووال، قصور، گجرات، لاہور، حافظ آباد اور منڈی بہاالدین میں دھان کی منتخب اقسام کے بیج پررجسٹرڈ کاشتکارسبسڈی حاصل کرنے کے اہل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھان کے کاشتکار سبسڈی حاصل کرنے کیلئے اپنے قریبی ڈیلر سے واچر والا تھیلا طلب کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایک کاشتکار ایک تھیلے پرپہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر سبسڈی حاصل کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار دھان کی زیادہ پیداوار کیلئے صرف منظور شدہ اقسام کا بیج استعمال کریں اورفی ایکڑ زیادہ پیداوار کیلئے محکمہ زراعت کی منظور دہ اقسام کو ترجیح دیں۔انہوں نے کہا کہ دھان کے کاشتکار20 مئی سے قبل پنیری ہر گز کاشت نہ کریں اور ممنوعہ اقسام کی کاشت سے گریز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں