اسلام آباد(عکس آن لائن) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے عید میلاد النبی کے پُرمسرت اور بابرکت موقع پر اپنے پیغام میں مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پر اہل وطن کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی ہے ۔ چیئرمین سینیٹ نے اس پُر نور مقدس موقع پر اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منور کر دے اور وطن عزیز کو اس مقدس دن کی نسبت سے اپنی رحمتوں سے مالا مال اور درپیش مسائل سے نجات دلائے ،خاتم النبین آنحضرت محمد صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان اور تمام کائنات کے لئے رحمتہ العالمین بن کر تشریف لائے۔ اس لحاظ سے 12 ربیع ا لا ول کا دن اسلامی تاریخ کا ہی نہیں بلکہ پوری کائنات اور انسانیت کیلئے عظیم ترین دن کا درجہ رکھتا ہے۔
یہ دن تمام انسانوں کو نسلی، علاقائی، طبقاتی، لسانی اور جغرافیائی تعصبات کی دلدل سے نکال کر واحدانیت، امن و محبت اور ا تحاد و یگانگت کا درس دیتا ہے۔ اخوت ،بھائی چارے اور مساوات کی فضاءقائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول کی پیروی ناگریز ہے۔ ہماری بقا ءاور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے، آج اس با سعادت دن کو منانے کا سب سے احسن طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے کردار، گفتار، اخلاق اور عمل سے یہ ثابت کریں کہ ہم رحمتہ العالمین کے ا±متی ہیں اور پیارے پیغمبر کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے اندر اتحاد واتفاق، محبت ورواداری اور احساس جیسے نایاب اوصاف پیدا کریں گے جو ہمارے ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی کیلئے راہیں ہموار کرنے میں معاون ثابت ہوں۔
میں اس مقدس اور بابرکت دن کی مناسبت سے تمام شہداء، غازیوں اور مجاہدوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے وطن عزیز اور ہماری حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لئے لازوال قربانیاں دیں،حضور اکرم کی زندگی بنی نوع انسان کیلئے مشعلِ راہ ہے اور دنیا وآخرت کی کامیابی کی ضمانت بھی ہے۔میںخدائے بزرگ و برتر کی بارگاہ میں دعا گو ہوں کہ وہ ہمیں اپنی زندگیاں حضور پاک کی تعلیمات کی روشنی میں بسر کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی نے بھی اپنے پیغام میں قوم کو12 ربیع الاول کے بابرکت اور پر مسرت موقع پر دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد ی اور کہا کہ اسوہ حسنہ ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ہم اپنی زندگیاں اسلامی تعلیمات کے مطابق بسر کریں تو دین و دنیا کی کامیابی یقینی ہے۔ہمیں اپنے اخلاق، اقدار اور روایات کو اسلامی تعلیمات کی روشنی میں ڈھالنا چاہیے تاکہ ہم دنیاو آخرت میں سرخرو ہو سکیں۔حضور اکرم تمام بنی نوع انسان کیلئے رحمت العالمین بن کر آئے۔