کراچی ( رپورٹ: حماد حسین) جامعہ کراچی کے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے جامعہ زمین کو محفوظ بنانے اور ذرائع آمدن بڑھانے کیلئے فوری اقدامات کرنے کی منظوری دے دی، کمیٹی نے جامعہ کراچی کی خالی اراضی کے ذریعے مالی بحران پر قابو پانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی نے جامعہ کراچی کی خالی اراضی اور چار دیواری کو محفوظ بنانے کیلئے فوری اقدامات کیے جانے کی منظوری دی ہے۔
جامعہ کراچی انتظامیہ سینڈیکیٹ اجلاس میں منظوری کے بعد حفاظتی اقدامات اور ذرائع آمدن بڑھانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، جامعہ کراچی خالی اراضی سے کس طرح آمدنی کرسکتی ہے،اس کے لیے کنسلٹنٹ کو ہائر کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ جامعہ کراچی مجموعی طور پر 1279 ایکڑ سے زائد پر مشتمل ہیں، کئی ایکڑ پر 1999 سے 2019 تک مختلف سرکاری و نجی ادارے ملکیت کا دعویٰ بھی کر چکے ہیں، جامعہ کراچی کی اراضی پر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کراچی سمیت دیگر ادارے بھی ملکیت کے دعویدار ہیں۔