ترک صدر

ترک صدر 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے

اسلام آباد(عکس آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔رجب طیب اردوان اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے ترک صدر کا پرتپاک استقبال کیا۔

اس موقع پر بچوں نے معزز مہمانوں کو گلدستے پیش کیے ،ترک صدر نے نور خان ائیربیس پر اپنے استقبال کیلئے موجود وفاقی وزرا اور اعلی عسکری حکام سے بھی فردا فردا مصافحہ کیا۔ بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے اپنی روایتی مہمان نوازی کا ایک مرتبہ پھر مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم ہاوس تک خود گاڑی ڈرائیو کی۔ جہاں ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا،وزیراعظم ہاؤس آمد پر مہمان صدر سلامی کے چبوترے پر گئے ۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا اور سلامی دی ۔

ترک صدر نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا ۔ وزیراعظم نے ترک صدر سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا۔مہمان صدر نے کابینہ ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ ترک صدر نے بھی وزیراعظم کو اپنے وفد کا تعارف کرایا ۔ وزیراعظم نے وفد ارکان سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ ترک خاتون اول بھی رجب طیب اردوان کے ہمراہ ہیں،صدر طیب اردوان کے ساتھ ترک کابینہ ارکان، سینئر حکام اور کارپوریشنز کے سربراہان پر مشتمل وفد بھی دورہ پاکستان پر آیا ہے،ترک صدر کی آمد کے موقع پر نور خان ایئربیس پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور نور خان ایئر بیس سے لے کر ریڈ زون تک سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے،اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں استقبالی پوسٹرز بھی آویزاں کیے گئے۔ترک صدر دو روزہ سرکاری دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان اور صدر مملکت سمیت اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔

ترک خاتون اول بھی رجب طیب اردوان کے ہمراہ ہیں،طیب اردوان کے دورے کے دوران دفاع، ریلوے، اطلاعات، معیشت اور تجارت پر متعدد معاہدے ہوں گے جب کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوہری شہریت کے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔ترک صدر آج جمعہ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان ترک صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔دونوں رہنما پاک ترک اسٹریٹجک تعاون کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔صدر طیب اردوان اور وزیر اعظم عمران خان مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے،دریں اثنا پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی یرداکل نے ایک انٹرویو میں کہا کہ رجب طیب اردوان کا دورہ اسلام آباد ایک تاریخی موقع اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی طرف ایک اہم قدم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری تکمیل کے مراحل میں ہے اور ترکی اس منصوبے کے تحت قائم ہونے والے خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ بننے میں د لچسپی رکھتاہے

اپنا تبصرہ بھیجیں