ترکیہ

ترکیہ،امریکاکی یوکرین کوروسی ساختہ ایس 400 دفاعی نظام بھیجنے کی تجویزمسترد

انقرہ (عکس آن لائن)ترک وزیرخارجہ مولود چاوش اوغلو نے کہا ہے کہ امریکا نے روس سے خریدکردہ ایس 400 میزائل دفاعی نظام یوکرین کوبھیجنے کی تجویزپیش کی تھی لیکن انقرہ نے اس کومسترد کردیا ہے۔ترک میڈیاکے مطابق وزیرخارجہ چاوش اوغلو نے بتایاکہ ہم سے یوکرین کو روسی ساختہ ایس400بھیجنے کے لیے کہا تھا،مگرہم نے انکار کر دیاہے۔انھوں نے مزیدکہا کہ ایسی تجاویز ناقابل قبول ہیں کیونکہ ان سے ترکیہ کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ روس سے ایس-400 میزائل دفاعی نظام کی خریداری کا معاملہ ترکیہ اور اس کے امریکا سمیت نیٹو اتحادیوں کے ساتھ تنازع کا موضوع رہا ہے کیونکہ انھوں نے ان خدشات کا اظہارکیاتھا کہ اس سے نیٹوکی فوجی کارروائیوں کی سلامتی اور باہمی تعاون پرسمجھوتاہوگا۔امریکا اورنیٹو نے ترکیہ کوخبردارکیا تھاکہ ایس 400 سسٹم معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم کے دفاعی نظام سے مطابقت نہیں رکھتا اور اس سے روس کوحساس معلومات مل سکتی ہیں۔ترکیہ کے روس کیساتھ اس معاہدے سے پیچھے ہٹنے سے انکارکے بعد امریکانے کئی تادیبی اقدامات کیے ہیں۔ان میں 2019 میں ترکیہ کی ایف 35 لڑاکا طیاروں کے پروگرام سے معطلی اورایس 400 کی خریداری میں ملوث ترک حکام اور اداروں پر پابندیوں کا نفاذ شامل ہے۔

اس تنازع پرترکیہ اور اس کے نیٹو اتحادیوں کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے اورخطے میں ترکیہ کی تزویراتی صف بندی کے بارے میں سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ایف 35 لڑاکا جیٹ کی تیاری کے پروگرام میں ممکنہ واپسی کے بارے میں پوچھے جانے پرچاوش اوغلو نے کہا:انقرہ اس پروگرام میں واپس نہیں آناچاہتا بلکہ وہ واشنگٹن سے اپنی اس رقم کی واپسی چاہتا ہے جو اس نے پروگرام سے باہر ہونے سے پہلے لڑاکا طیارے خریدکرنے کے لیے ادا کی تھی، جبکہ اس کویہ طیارے کبھی مہیا ہی نہیں کیے گئے تھے۔انھوں نے مزید کہا کہ ترکیہ امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کوبہتربنانا چاہتا ہے۔انھوں نیایف 16 طیاروں اور جدید کٹس کی خریداری میں اپنی دلچسپی کی طرف اشارہ کیا۔یادرہے کہ اکتوبر2021 میں انقرہ نے امریکا سے 6 ارب ڈالر کے معاہدے میں ایف 16 لڑاکا طیاروں اور جدید کاری کی کٹس مہیا کرنے کی درخواست کی تھی۔

مجوزہ معاہدے میں 40 نئے ایف 16 لڑاکا طیارے اور ترکیہ کے فضائی بیڑے میں شامل موجودہ 79 ایف 16 طیاروں کے لیے جدید کاری کٹس کی سپلائی شامل تھی۔صدرجوبائیڈن کی انتظامیہ نے ترکیہ کو ایف 16 طیاروں کی فروخت کی حمایت کا اظہارکیا ہے لیکن امریکی کانگریس نے اس اقدام کی مخالفت کی ہے اور اس نیانقرہ کے انسانی حقوق کے ریکارڈ اورشام سے متعلق متنازع خارجہ پالیسی پرتشویش کا اظہارکیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں