آصف علی زرداری

بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے، آصف زرداری

کراچی(نمائندہ عکس)سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے،مادر جمہوریت بیگم نصرت بھٹو، شہید جمہوریت بینظیر بھٹو سمیت ان تمام سیاسی کارکنوں ، طالب علموں، مزدوروں اور صحافیوں کو خراج عقیدت اور خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جنہوں نے 1973 کے آئین اور جمہوریت کی بحالی کے لئے شہادتیں قبول کیں، کوڑے کھائے، جبر اور تشدد برداشت کیا۔

5جولائی کے موقع پر پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ملک کو مشکلات سے نکالا، جب بھی آئین اور جمہوریت پر حملہ ہوا ہے پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین اور جمہوریت کا بھرپور دفاع کیا۔پیپلزپارٹی کی قیادت نے ملک اور عوام کے لئے مشکلات بھی برداشت کی ہیں اور مشکل فیصلے بھی کئے ہیں، ملک اور عوام آج ایک بار پھر مشکلات سے نکل کر درست سمت کی طرف گامزن ہے، ملک کی تمام جمہوری قوتوں کو اکٹھا ہو کر اتفاق رائے سے فیصلے کرکے عوام کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ جمہوریت ہمیں کبھی بھی تحفے میں نہیں ملی، جمہوریت کی خاطر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے تختہ دار بھی قبول کیا ہے، جیالوں نے بارودی سرنگوں کو بھی عبور کیا ہے اور اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جمہوریت کو فتحیاب کیا ہے۔اپنے خصوصی پیغام میں آصف زرداری نے کہا کہ یہ انتہائی حوصلہ افزا امر ہے کہ پوری قوم 1973 کے آئین پر یقین رکھتی ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں کی عظیم جدوجہد کا ثمر ہے۔ آج کے دن ہم اس عہد کی تجدید کر رہے ہیں بینظیر بھٹو شہید کے افکار کے مطابق جمہوریت کو مضبوط کرکے ملک کو فلاحی ریاست بنائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں