بھلوال

بھلوال:اساتذہ سروے کو ایمانداری اور پرخلوص طریق سے انجام دیں، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر

بھلوال( نمائندہ عکس آن لائن ) ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر تحصیل بھلوال خان عجب خان نے کہاہے کہ خوشحالی سروے کے ثمرات تبھی حاصل ہو سکتے ہیں جب اساتذہ سروے کو ایمانداری اور پرخلوص طریقہ سے انجام دیں ۔ وہ گورنمنٹ ہائی سکول بھلوال میں خوشحالی سروے کرنے والے اساتذہ ، سپروائزرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر چوہدری اشتیاق احمد چیمہ ڈویژنل صدر انجمن اساتذہ پاکستان ، سید کوثرشیرازی کوآرڈینیٹر ایجوکیٹرز ایسوسی ایشن ، خالد رضوان ، بلال وینس ، عتیق الرحمن ، محمد ثاقب ، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسرزاور محمد شہزاد انچارج این ایس ای آرتحصیل بھلوال بھی موجود تھے ۔

خان عجب خان نے کہاکہ ہراہم قومی مہم کےلئے اساتذہ کی صلاحیتوں پر انحصار کیا جاتا ہے اس لئے اساتذہ کا بھی فرض بنتا ہے کہ وہ اپنے فرائض دلجمعی کے ساتھ انجام دیں ، خوشحالی سروے وہ بنیادی ریکارڈ ہے جس کی بنیاد پر حکومت پاکستان آگے چل کر ملکی خوشحالی کےلئے بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے اس کا ڈیٹا حقائق پر مبنی ہوگا تو اس سے پورے ملک کو فائدہ ہوگا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انجمن اساتذہ پاکستان ڈویژن سرگودھا کے صدر چوہدری اشتیاق احمد چیمہ نے خوشحالی سروے کے دوران فیلڈ میں اساتذہ کو درپیش مسائل کا ذکر کیا اور انہیں حل کرنے کےلئے محکمہ تعلیم اورانچارج این ایس ای آرتحصیل بھلوال کو تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ جس پر محکمہ تعلیم کے افسران اور این ایس ای آر کے منتظمین نے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں