عثمان قادر

بھارت کے خلاف کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، کوشش ہے ٹی ٹونٹی کیساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی جگہ بنائوں’ عثمان قادر

لاہور(عکس آن لائن) قومی کرکٹر عثمان قادر نے کہا ہے کہ بھارت کے خلاف کھیلنا ہر کسی کا خواب ہوتا ہے، میرا بھی خواب یہی ہے کہ میں بھارت کے خلاف کھیلوں اور اچھی کارکردگی دکھا کر پاکستان کی فتح میں اہم کرداراداکروں،میری کوشش ہے کہ ٹی ٹونٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی اپنی جگہ بنائوں۔ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں ٹریننگ کے موقع پر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے عثمان قادر نے کہا کہ میرے والد کی بھارت کے خلاف بہترین کارکردگی رہی ہے، میں بھی ان کے نقش قدم پر چلتا ہوا بھارت کے خلاف کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں، اگر مجھے ایشیاء کپ میں موقع ملا تو میں ضرور اس موقع سے فائدہ اٹھاؤں گا۔کرکٹر عثمان قادر نے کہا کہ میں چونکہ ٹی ٹونٹی کرکٹ کھیل رہا ہوں تو اب اسی مناسبت سے ٹریننگ کی ہے،

جب لمبا وقفہ آجائے تو کوشش ہوتی ہے کہ زیادہ فٹنس پر کام کروں اور پریکٹس کروں، میں موقع کا منتظر رہتا ہوں اور جب مجھے موقع ملتا ہے تو اس سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتا ہوں، اب بھی اگر مجھے موقع ملا تو میں جسمانی اور ذہنی طور پر اس کے لیے تیار ہوں گا۔انہوں نے کہا کہ ایشیاء کپ کے لیے نیشنل ہائی پرفارمنس سینٹر میں بھرپور ٹریننگ کی ہے، پاکستان ٹیم نیدر لینڈز میں سیریز کھیل رہی ہے، ایشیاء کپ میں بھارت سمیت تمام ٹیموں کے خلاف میچز میں اچھے نتائج سامنے آئیں گے، دبئی کے موسم کی وجہ سے فرق نہیں پڑے گا، لاہور کی گرمی میں ٹریننگ کی ہے، دونوں جگہوں کی کنڈیشنز ایک جیسی ہیں۔

انہوںنے کہا کہ میری کوشش ہے کہ ٹی ٹونٹی کے ساتھ ساتھ ون ڈے ٹیم میں بھی اپنی جگہ پکی کروں، اس کے لیے میں نے بہت پریکٹس کی ہے، کوشش کی ہے کہ خراب گیند نہ کروں جس پر رنز بنیں، رنز روکنے کے لیے کام کر رہا ہوں، وائٹ بال کرکٹ میں بیٹنگ بہت اہم ہو چکی ہے، اس میں بھی اعتماد حاصل کر رہا ہوں۔انہوںنے کہا کہ میں نے ہمیشہ عمران طاہر کو فالو کیا ہے، مجھے جب بھی کوئی مشکل ہوتی ہے تو میں فوری طور پر ان سے بات کرتا ہوں، عمران طاہر ایک اوور میں ورائٹی کے ساتھ بولنگ کرتے ہیں اور رنز بھی روکتے ہیں ،ان کی طرح کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

اپنا تبصرہ لکھیں