بابر اعظم

بھارت سے شکست کے بعد بیٹے پر تنقید، بابر اعظم کے والد میدان میں آگئے

دبئی (عکس آن لائن)ایشیا کپ 2022 میں بھارت سے شکست کے بعد کپتان بابر اعظم پر تنقید کے حوالے سے ان کے والد اعظم صدیقی بھی میدان میں آگئے ،بابر اعظم کے والد نے انسٹاگرام پر لکھا کہ پاکستان اپنا اہم میچ انڈیا کے خلاف اچھا مقابلہ کر کے ہار گیا، کوئی بات نہیں انشاء اللہ اگلے جیتیں گے پر جس طرح لوگ ٹی وی پر پاکستانی ٹیم اور خاص کر بابر اعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں وہ قابل افسوس ہے۔اعظم صدیقی نے ناقدین کے لیے سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کی مثال پیش کرتے ہوئے لکھا کہ کوہلی نے 3 سال سے زیادہ عرصے سے سنچری نہیں بنائی لیکن ان کی قوم نے اْن کی وہی عزت اور احترام برقرار رکھا ہوا ہے۔

کپتان بابر اعظم کے والد نے تنقیدکرنے والوں سے کہاکہ یا د رہے ہم مسلمان قوم ہیں اور ہمارے دین کی بنیاد اخلاق اور رحم دلی پر ہے اور جو فضول میں اپنی باتوں سے زہر پھینک رہے ہیں اْن کے لیے مجھے اور میرے بیٹے کو اللہ اپنی رحمت سے یہاں تک لایا ہے۔اعظم صدیقی نے کہاکہ پھربھی یہاں تک پہنچنے میں 15 سال کی شدید محنت لگی، اللہ ہی عزت کا مالک ہے اْسی نے عزت دی اور وہی اس کی حفاظت کریں گے۔قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں پا کستان زندہ باد کا نعرہ بھی لگایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں