علی زیدی

بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی یا تشدد ہوا تو ذمہ دار پیپلز پارٹی ہوگی، علی زیدی

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی حیدر زیدی نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی یا تشدد ہوا تو ذمہ دار پیپلز پارٹی ہوگی۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ بیان میں علی زیدی نے کہا کہ سندھ کے لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پرامن رہیں، مگر اتنی بڑی تعداد میں باہر نکلیں کہ ان سے بڑھ جائیں جو آپ کا ووٹ لوٹنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے خاص طور پر ان سے جو آج کل غیر جانبدار رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں، اپیل کرتا ہوں ہیں کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا ہے کہ کیا اس ملک کے شہریوں کے حقوق اور جان و مال کو محفوظ بنانا آپ کی بنیادی ذمہ داری نہیں؟ خدانخواستہ دھاندلی یا تشدد ہوا تو ذمہ دار آپ ہی ہوں گے۔ علی زیدی نے کہا کہ سندھ میں جس طرح کی صورت حال سامنے آ رہی ہے، مجھے خدشہ ہے کہ 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ایک پرتشدد اور جان لیوا مشق نہ بن جائے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مخالف امیدواروں کو دھمکانے کے لیے، پیپلز پارٹی ہر طرح کے غیر قانونی ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، کہیں لوگوں کو اغوا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اللہ پاکستان پر رحم فرما اور ہمیں ان سازشیوں اور جرائم پیشہ مافیا سے بچا جنہوں نے ہمیشہ اپنے چھوٹے مفادات کی خاطر ہمارے ملک کو نقصان پہنچایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں