اشرف بھٹی

بلا سودے قرضے ،یوٹیلٹی بلزمیں رعایت ٹیرف ،کم شرح سے فکس ٹیکس لگایا جائے’صدر آ ل پاکستان انجمن تاجران

لاہور(عکس آن لائن ) آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت تاجر وںکیلئے بھی خصوصی پیکج لائے تاکہ مشکلات سے دوچاراس طبقے کو بھی ریلیف مل سکے ،ملک بھر میں40لاکھ کے قریب تاجرسالانہ اربوںروپے ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ بڑے پیمانے پر روزگار فراہم کرنے کا بھی ذریعہ ہیں لیکن حکومت نے ان کیلئے کبھی کوئی پالیسی نہیں بنائی،حکومت صرف بڑی صنعتوں اورکار وبار کی بجائے چھوٹے کاروبار کی ترقی پر بھی توجہ مرکو زکرے ۔اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ سرکاری حکام حکومتوں کواصل حقائق سے آگاہ نہیں کرتے جبکہ حکومتیں خود بھی تاجروں سے روابط نہیں رکھتیں تاکہ انہیں اصل حقائق کا علم ہو سکے ۔کورونا وباء کے دنوں میں حکومت نے بڑی انڈسٹری کو ریلیف دیا جبکہ چھوٹے تاجروں کے لئے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔

کورونا وباء میں تاجروں نے اپنے عملے کو بیروزگار کرنے کی بجائے اپنے وسائل سے تنخواہوں کی ادائیگی کی لیکن حکومت نے اس عمل پر بھی کوئی ستائش نہیںکی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جب بھی کوئی پیکج یا ریلیف کی مہم شروع کرتی ہے تو اس کا محوربڑی انڈسٹری اوربڑے کاروبار ہو تے ہیں۔ مطالبہ ہے کہ حکومت چھوٹے تاجروںکو آسان شرائط پر بلا سودے قرضے دے ، بجلی اورگیس کے بلوں میں رعایت دینے کیلئے خصوصی ٹیرف دیا جائے اورمارکیٹوں کا سروے کر کے کم شرح سے فکس ٹیکس لگایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں