شاہین آفریدی

بس یہ یاد رکھنا ہے پاکستان ہے تو ہم ہیں. شاہین آفریدی کا ملک کی موجودہ صورتحال پر اظہار افسوس

لاہور (عکس آن لائن) پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں ہونے والی ہنگامہ آرائی پر قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے دکھ کا اظہار کیا ہے۔شاہین نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے رسول اکرمﷺ کے کہے گئے الفاظ کا انتخاب کیا۔قومی کرکٹر نے لکھا کہ ہمارے پیارے نبی اکرم ﷺ نے کہا تھا کہ مومنوں کی آپس میں ایک دوسرے سے محبت اور ہمدردی کی مثال ایک جسم کی طرح ہے، جب اس کا کوئی حصہ تکلیف میں ہوتا ہے تو سارا جسم اس تکلیف کو محسوس کرتا ہے۔

شاہین نے مزید لکھا کہ بس یہ یاد رکھنا ہے کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ساتھ ہی کرکٹر نے ”امن“کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا، اس کے علاوہ شاہین آفریدی کی جانب سے عمران خان کی حمایت کا اعلان اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کی پروفائل پکچر سے کیا گیا۔شاہین نے فیس بک اورٹوئٹر اکاﺅنٹس کی تصویر اپنی اور عمران خان کی لگائی ہے جب کہ اس پر کسی قسم کا کیپشن نہیں ڈالا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں