اسکالرشپس

برٹش کونسل کی جانب سے اوپن یونیورسٹی کی 19طالبات کو اسکالرشپس دینے کی تقریب

اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں بین الاقوامی کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے زیر اہتمام گزشتہ روز تقسیم سکالرشپس تقریب منعقد ہوئی جس میں برٹش کو نسل نے ملک کے دور دراز اور پسماندہ ترین علاقوں میں رہائش پذیر علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی انتہائی قابل ، مستحق اور ضرورت مند ماسٹر اور ایم فل سطح کی 19 طالبات کو’پاک۔ اسکاٹش’سکالر شپس فراہم کئے۔تقریب کی صدارت یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے کی جبکہ برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر ، عامر رمضان تقریب کے مہمان حصوصی تھے ۔دیگر شرکاءمیں ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسسز ، انعام اﷲ شیخ ، یونیورسٹی کے چاروں ڈینز ، رجسٹرار بی بی یاسمین، بین الاقوامی کولیبریشن اینڈ ایکسچینج آفس کے ڈائریکٹر ، زاہد مجید اور برٹش کونسل سے سارہ پرویز اور زوحہ فاطمہ شامل تھے۔

یونیورسٹی کے وائس چانسلر اور عامر رمضان نے سکالرشپس حاصل کرنے والی طالبات میں سکالرشپس سرٹیفکیٹ اور فیس واپسی کے چیک تقسیم کئے۔واضح رہے کہ پاکستان میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے کے لئے برٹش کونسل نے “پاک۔اسکاٹش” سکالرشپس اسکیم کا اجرا ءکیا تھا جس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ماسٹر اور ایم فل سطح کی طالبات نے بھی درخواستیں دی تھیں۔ اس اسیکم کے تحت برٹش کونسل آئندہ 2۔سال تک طالبات کی تعلیمی اخراجات ادا کرے گا۔برٹش کونسل کو پورے پاکستان سے 13ہزار درخواستیں موصول ہوئیں تھیںاِن میں سے برٹش کونسل نے 225 طالبات کو میرٹ پر سکالر شپس دئیے ہیں، ان میںاوپن یونیورسٹی کے 37طالبات شارٹ لسٹ ہوئی تھیں، اس تقریب میں 19طالبات کو سکالرشپدئیے گئے ہیں ۔یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے سکالرشپس حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہماری طالبات کو سکالرشپس کی فراہمی درحقیقت یونیورسٹی کے معیار تعلیم پر اعتماد کا اظہارہے۔

وائس چانسلر نے اس موقع پر تجویز دی کہ برٹش کونسل اوپن یونیورسٹی کی شارٹ لسٹڈ باقی 18طالبات کو بھی سکالرشپ کے اخراجات دے تو اِن بچیوں کی بھی حوصلہ افزائی ہوگی جس کو برٹش کونسل کے کنٹری ڈائریکٹر نے مان لیا ۔عامر رمضان نے اس موقع پر یہ بھی اعلان کیا کہ برٹش کونسل علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کی طالبات کی کارکردگی اور کووڈ19کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے 19طالبات میں سے کچھ بچیوں کو لیپ ٹاپ بھی فراہم کرے گا تاکہ وہ یونیورسٹی کی نئی پالیسی کے مطابق گھر بیٹھ کر آن لائن طریقہ سے اپنی تعلیم حاری رکھ سکیں۔ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے مزید کہا کہ اُن کی خواہش ہے کہ ملک میں کوئی بھی فرد محض غربت کی وجہ سے تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہے ، اس حوالے سے یونیورسٹی نے غریب اور مستحق افراد کو تعلیمی سلسلہ جاری رکھنے کے لئے اپنے سالانہ بجٹ میں خاطر خواہ بجٹ مختص کر رکھا ہے اور اسی طرح یونیورسٹی اپنے مالی ذرائع سے بھی مختلف سکالرشپس اسکیموں کے تحت مستحق طلباءو طالبات کو مالی معاونت فراہم کررہی ہے۔ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے پاکستان میں خواتین کی تعلیم کو فروغ دینے اور اوپن یونیورسٹی کی طالبات کو سکالرشپس فراہم کرنے پر برٹش کونسل کا شکریہ ادا کیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں