بجلی بلوں

بجلی بلوں کے ذریعے فکس سیلز ٹیکس کی معطلی کے ساتھ فیول ایڈجسٹمنٹ کا سلسلہ ختم کیا جائے ،خادم حسین

لاہور(عکس آن لائن )پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی کے بور ڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن خادم حسین نے وزیراعظم کی طرف سے بجلی بلوں میں فکسڈ سیلز ٹیکس کی وصولی فوری طور پر معطل کرکے ٹیکس کی وصولی کیلئے نیا لائحہ عمل مرتب کرنے کی ہدایت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فکسڈ ٹیکس کی معطلی کے ساتھ ساتھ استعمال شدہ بجلی کے بعد اگلے ماہ فیول ایڈجسٹمنٹ کا سلسہ فی الفور ختم کیا جائے کیونکہ صنعتی و تجارتی شعبہ فروخت شدہ اشیاء پر بعد از فروخت کوئی بھی اضافی وصولی نہیں کرسکتا اور فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں لاکھوں روپے کی وصولی ان کے لیے مالی مشکلات کا باعث ہے ۔انہوںنے کہا کہ بجلی بلوں میں تمام ناجائز ٹیکسوں کا خاتمہ کیا جائے اور تاجر تنظیموں کی مشاورت کے بغیر کوئی بھی فیصلہ نہ کیا جائے ۔

ان خیالات کااظہار انہوںنے فیروز پور بورڈ کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔خادم حسین نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں وقتا فوقتاً اضافوں اور مہنگی ترین بجلی کے بعدناجائز ٹیکسوں سے بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ سے تاجر و صنعتی شعبہ متاثر ہورہا ہے بجلی بلوں کو ٹیکسوں کی وصولی کا ذریعہ نہ بنایا جائے ۔تاجر تنظیموں کے بھر پور احتجاج پر فکسڈ ٹیکس معطل کیا گیا ہے اگرتاجروں و صنعتی شعبہ کی مشاروت کے بعد ایسا کوئی اقدام پھر کیا گیا توپھر بھر پور احتجاج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں