محمود خان

بالاکوٹ زلزلہ زدگان کے مطالبات حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا،محمود خان

پشاور (عکس آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیراعلی محمود خان نے کہا ہے کہ بالاکوٹ زلزلہ زدگان کے تحفظات کا ازالہ اوراعتماد کی بحالی اولین ترجیح ہے، زلزلہ زدگان کے مطالبات حل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کرلیا گیا۔

وزیراعلی محمود خان کی زیرصدارت نیو بالاکوٹ سٹی پراجیکٹ سے متعلق اجلاس ہوا، چئیرمین این ڈی ایم اے کے علاوہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام نے شرکت کی، اجلاس میں متاثرین زلزلہ کے تحفظات اوراعتماد کی بحالی کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا، کمیٹی بالاکوٹ زلزلہ زدگان کےجائزمطالبات کےحل کے لئےتجاویز پیش کرے گی۔

کمشنر ہزارہ کی سربراہی میں کمیٹی متاثرین کے ساتھ بیٹھ کر 15دنوں میں رپورٹ پیش کرے گی، نیوبالاکوٹ سٹی ڈیویلپمنٹ پراجیکٹ کے ماسٹر پلان کوحتمی شکل دی جائیگی، ماسٹر پلان حتمی منظوری کے لئے وزیر اعظم کو پیش کی جائے گا۔ وزیراعلی کے پی کا کہنا تھا کہ زلزلہ زدگان کے تحفظات کا ازالہ اور اعتماد کی بحالی اولین ترجیح ہے، متاثرین کا اعتماد حاصل کئے بغیراس منصوبے پرعملدرآمد ممکن نہیں ، زلزلہ زدگان کیساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل اہم ترجیح ہے، کوشش ہے کہ سولہ سالوں سے التوا کا شکار اس منصوبے پر اسی دور حکومت میں عملدرآمد ہو، اس منصوبے پر عملی پیشرفت کے لئے تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں