اشرف بھٹی

ایف بی آر کی بھی اصلاح کرنے کی ضرورت ہے، آٹو میشن کا نظام لایا جائے’ اشرف بھٹی

لاہور( عکس آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ حکومت ٹیکس اصلاحات کمیٹی کا دائرہ وسیع کرے اور اس میں تما م شعبوں سے اسٹیک ہولڈرز کو نمائندگی دی جائے،چھوٹے کاروبار کیلئے ٹیکس کا نظام آسان بنایا جائے، بلا جواز نوٹسز کا خاتمہ ہونا چاہیے ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کے مطابق ریٹیل اور ہول سیل سیکٹر ابھی تک ریٹرنز نہیں دیتے جو قطعی درست نہیں ، تاجروں کی اکثریت باقاعدگی سے اپنے گوشوارے جمع کراتی اور ٹیکسز کی ادائیگی کرتی ہے ۔

ہم متعدد بار پیشکش کر چکے ہیں کہ مارکیٹوں میں سروے کیا جائے ہم ایف بی آر سے تعاون کریں گے ۔ اس کے برعکس ایف بی آر کی جانب سے نوٹسز کی بھرمار ہے جس سے خوف و ہراس کی فضاء فروغ پاتی ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے مطالبہ ہے کہ ٹیکسز کی تعداد اور اس کی شرح میں کمی کا تجربہ کریں ، حکومت کی سوچ سے زیادہ ٹیکس آمدن حاصل ہو سکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ایف بی آر کی بھی اصلاح کی ضرورت ہے ، ادارے کی استعداد بڑھائی جائے اور آٹو میشن کا نظام لایا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں