شاہینز کرکٹ

ایشیاکپ کی جگہ پانچ ملکی ٹورنامنٹ،بھارت کا خواب ادھورا رہ گیا

ممبئی (عکس آن لائن) ایشیاکپ 2023ء کی جگہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی)کا 5ملکی ٹورنامنٹ کروانے کا خواب ادھورا رہ گیا۔بھارتی کرکٹ بورڈ نے رواں سال ستمبر میں شیڈول ایشیاکپ کی پاکستان آنے سے انکار کردیا جبکہ ٹورنامنٹ کی میزبانی گرین شرٹس کے پاس ہے، ایسے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے دو ٹوک موقف نے بی سی سی آئی کو پریشان کردیا ہے اور وہ ٹورنامنٹ کی جگہ پانچ ملکی ٹورنامنٹ کروانے کا خواب دیکھ رہا ہے۔

ایشین کرکٹ کونسل نے پانچ ملکی ٹورنامنٹ کروانے کی بھارتی میڈیا کی رپورٹس کو بے بنیاد قرار دیا ہے جبکہ ایشیاکپ کیلئے بھارتی کرکٹ بورڈ نے سکیورٹی کا بہانہ بناکر ٹورنامنٹ کی میزبانی کسی اور ملک کو دینے کی تجویز دی تھی۔تاہم ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے کوئی مسائل نہیں البتہ بھارت چاہتا ہے تو اسکے میچز نیوٹرل وینیو پر کروائے جاسکتے ہیں، جسے بی سی سی آئی نے مسترد کردیا۔

دوسری جانب ایشین کرکٹ بورڈ کے صدر اور بی سی سی آئی کے سیکریٹری نے کہا تھا کہ ایشیاکپ کے مقام پر شریک ممالک کی ٹیموں سے جواب کا انتظار کررہے ہیں، جس کے بعد حتمی طور پر ایشیاکپ کا مقام طے کیا جائے گا۔بھارتی بورڈ کے سامنے پی سی بی بھی ڈٹ گیا ہے اور اصولوں کی خاطر ایشیاکپ قربان کرنے کو بھی تیار ہے جبکہ بورڈ نے واضح پیغام دیا ہے کہ ایونٹ پاکستان میں ہی ہوگا ورنہ گرین شرٹس شرکت نہیں کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں