عظمی بخاری

اپوزیشن آئین اور قانون کے مطابق کٹھ پتلی وزیراعظم کو ہٹائے گی، عظمی بخاری

لاہور (نمائندہ عکس ) مسلم لیگ(ن)پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے کہا ہے کہ اپوزیشن آئین اور قانون کے مطابق کٹھ پتلی وزیراعظم کو ہٹائے گی، آپ کے ساتھ دلی ہمدردی ہے، پتا نہیں آپ کے خلاف بھی انٹرنیشنل سازش کا بیانیہ کیوں نہیں بک رہا ، محترم آپ پہلے ہی مانگے تانگے کی سیٹ پر بیٹھے ہو، پی ٹی آئی کے سب سے زیادہ لوگ اسوقت عثمان بزدار کے پیچھے ڈنڈے لے کر پڑے ہیں۔

عظمی بخاری نے عثمان بزدار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جناب پتا کریں تھوک کے حساب سے آپکے خلاف گروپس بن رہے ہیں، آپ اپنے دن گنیں کب آپکو حلال کیا جاتا ہے۔ عظمی بخاری کہا کہ جن کے اپنے یار غدار ساتھ چھوڑ گئے وہ انٹرنیشنل سازش کا ڈرامہ کررہے ہیں، سب چور ڈاکو باری باری غائب ہوگئے اکیلا کپتان جیل جانے کےلیے تیار رہے۔

انکا کہنا ہے کہ اپوزیشن پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر جتھوں سے حملے کرنے نہیں نکلی، اپوزیشن آئین اور قانون کے مطابق کٹھ پتلی وزیراعظم کو ہٹائے گی۔ ترجمان عظمی بخاری نے کہا کہ ہماری نمبر گیم پوری نہیں بلکہ کہیں زیادہ ہوچکی ہیں، عدم اعتماد کے جمع ہونے کے بعد پوری تبدیلی سرکار کی دوڑیں لگی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو باری باری سب کے پاں پکڑنا پڑ رہے ہیں، بزدار صاحب آپ تیاری کریں آپ سے ہر چیز کا الگ الگ حساب لیا جائے گا، لاہور کو کچرا کنڈی اور پنجاب کو کھنڈر بنانے کا حساب بھی ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں