راجہ پرویز اشرف

اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے، راجہ پرویز اشرف

اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے،سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے، مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہونگے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے سویٹ ہوم اسلام آباد کا دورہ کیا ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے سویٹ ہوم اسلام آباد کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب نور سحر میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سویٹ ہومز کے ذریعے بے سہارا اور یتیم بچوں کی کفالت کے جذبے کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں بہت کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جن سے اللہ تعالی اپنے خاص مقصد کا کام لیتا ہے، زمر خان کا شمار بھی ان چند شخصیات میں ہوتا جن کو اللہ تعالی نے اس عظیم مقصد کے حصول کے لیے چنا ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ اپنی زندگی کو بے سہارا لوگوں کے لیے وقف کرنا ہی اصل مقصد ہے، سویٹ ہومز کے ہونہار بچے ہمارے معاشرے کا قیمتی اثاثہ بنیں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں یہ بچے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے ضامن ثابت ہونگے، جس خوب صورت ماحول میں ان بچوں کی تعلیم و تربیت ہو رہی ہے یہ ان کی کامیابی کی ضمانت ہے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سویٹ ہومز میں تمام بنیادی سہولیات سے آراستہ ماحول کی فراہمی یقینا قابل رشک ہے، مجھے بطور وزیراعظم بھی سویٹ ہوم میں آنے کا موقع ملا تھا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے پلیٹ فارم سے سویٹ ہومز سمیت دیگر فلاحی اداروں کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتا ہوں، انسانیت کی فلاح و بہبود اور خدمت کرنے والے افراد خصوصی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں انسان نے کسی مقصد کو حاصل کرنا ہے تو وہ انسانیت کی خدمت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں