انگلینڈ

انگلینڈ نے دورہ پاکستان کیلئے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا

لندن (عکس آن لائن)انگلینڈ نے دورہ پاکستان کے لیے جوز بٹلر کی قیادت میں 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا، جو دورے میں 7 ٹی20 میچز کھیلے گی۔انگلینڈ کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سلیکشن پینل نے دورہ پاکستان میں 7 ٹی 20 میچوں کے لیے 19 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے اور اس سیریز کا آغاز کراچی سے ہوگا۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کرس جارڈن انگلی اور لیام لیونگسٹن ٹخنے کی انجری کی وجہ سے بحالی کا عمل جاری رکھیں گے اور پاکستان جانے والے اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔بیان میں کہا گیا کہ دونوں کھلاڑی ورلڈ کپ کے پیش نظر پاکستان نہیں جائیں گے لیکن آسٹریلیا میں ہونے والے ٹورنامنٹ تک فٹ ہونے کے لیے کام کر رہے ہیں۔بورڈ نے بتایا کہ انگلینڈ کے کپتان جوز بٹلر انجری سے صحت یاب ہو رہے ہیں اور پاکستان کا دورہ کریں گے لیکن امکان ہے کہ وہ 7 میچوں کی سیریز کے آخری مرحلے میں دستیاب ہوں گے۔اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ جوز بٹلر کی غیرموجودگی میں معین علی ٹیم کی قیادت کریں گے۔انگلینڈ کی ٹیم 2005 کے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کررہی ہے اور اسکواڈ میں 5 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے، جن میں بلے باز جارڈن کوکس، فاسٹ باؤلر ٹام ہیلم، بلے باز ول جیکس، اولی اسٹون اور لیوک ووڈ شامل ہیں۔

اعلامیے کے مطابق پانچوں کھلاڑی انگلینڈ کی ڈومیسٹک ٹیموں مڈل سیکس، واروکشائر اور لینکا شائر سے کھیلتے ہیں۔انگلینڈ کی ٹیم 14 ستمبر کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگی۔پاکستان کا دروہ کرنے والے انگلینڈ کے اسکواڈ میں جوز بٹلر (کپتان)، معین علی (نائب کپتان)، ہیری بروک، جورڈن کوکس، سیم کیوران، بین ڈیکیٹ، لیام ڈاؤسن، رچرڈ گلیسون، ٹام ہیلم، ویل جیکس، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، فل سالٹ، اولی اسٹون، ریس ٹاپلی، ڈیوڈ ویلی، کرس ووکس، لیوک ووڈ، مارک ووڈ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں