ایوان نمائندگان

امریکی صدرکے مواخذے کی تحریک پر آج رائے شماری ہوگی،25ویں ترمیم کا سہارالیاجائیگا

واشنگٹن(عکس آن لائن) امریکا کے ایوان نمائندگان میں صدر ٹرمپ کو عہدے سے برطرف کرنے کے لیے قرارداد پیش کردی گئی۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کے ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس نمائندوں نے قرار داد پیش کردی ہے جس میں اجلاس کی صدارت کرنے والے نائب صدر مائیک پینس سے استدعا کی گئی ہے کہ امریکی آئین کے آرٹیکل 25 کے مطابق حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کو عہدے سے برطرف کردیا جائے۔ڈیموکریٹس نمائندگان کے ایک اور گروپ نے مائیک پینس کی جانب سے صدر کو برطرف کرنے کا اختیار استعمال کرنے سے انکار کی صورت میں صدر کے مواخذے کی تحریک بھی جمع کروادی ہے۔ مواخذے کی تحریک میں ٹرمپ پر اشتعال انگیزی اور فسادات پر اکسانے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔واضح رہے کہ کیپٹل ہل پر ٹرمپ کے حامیوں کے حملے کے بعد ڈیموکریٹ نمائندگان کی جانب سے 20 جنوری کو مدت پوری ہونے سے قبل ہی صدر ٹرمپ کو عہدے سے برطرف کرنے کا مطالبہ کیا جارہا تھا اور اس کے لیے باقاعدہ کارروائی کے آغاز کا عندیہ بھی دیا گیا تھا۔ڈیموکریٹ نمائندگان کی جانب سے ٹرمپ کی برطرفی کے لیے تحریک جمع کروانے کے بعد مغربی ورجینیا سے تعلق رکھنے والے ریپلکن نمائندے نے قرارداد پر اعتراض اٹھا دیا جس کے باعث اجلاس کو بدھ تک ملتوی کردیا گیا ہے۔ امریکی میڈیا کے ذرائع کے مطابق صدر ٹرمپ کے مواخذے کی تحریک پر بدھ کو رائے شماری متوقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں