حمایت کا اعادہ

امریکا کااسرائیل،فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کی حمایت کا اعادہ

واشنگٹن(عکس آن لائن)امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے فلسطینی صدرمحمودعباس کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں اسرائیل،فلسطین تنازع کے دو ریاستی حل کے لیے واشنگٹن کے عزم کااعادہ کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر محمودعباس کے ساتھ بات چیت میں بلینکن نے دو ریاستی حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔امریکی وزیرخارجہ اور صدرعباس نے فلسطینی عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور ان کی سلامتی اور آزادی میں اضافے کے لیے مشترکہ کوششوں پربھی تبادلہ خیال کیا۔ان کے درمیان فون پر یہ گفتگو ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اسرائیل میں منگل کو منعقدہ پارلیمانی انتخابات کے بعدسخت گیرسابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی اقتدارمیں واپسی کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔انھوں نے ماضی میں تنازع فلسطین کے کبھی دو ریاستی نظریے کی حمایت نہیں کی تھی۔

انھوں نے اسرائیل کی تاریخ میں ایک مرتبہ پھردائیں بازو کی حکومت کی تشکیل کے لیے مذاکرات کا آغاز کیا ہے۔انتخابات کے نتائج اسرائیل اورفلسطینیوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تشدد کے پس منظر میں سامنے آئے ہیں۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ اس کے لڑاکا طیاروں نے جمعہ کوعلی الصباح غزہ کی پٹی میں راکٹ بنانے کے ایک مقام کو نشانہ بنایا ہے۔اس کے جواب میں اسرائیل کی جانب کئی راکٹ داغے گئے۔اس سے ایک روز قبل جمعرات کو اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مشرقی بیت المقدس اور مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک حملہ آورسمیت چار فلسطینیوں کوشہیدکردیا تھا۔محکمہ خارجہ کے مطابق بلینکن نے مغربی کنارے کی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا، جس میں بڑھتی ہوئی کشیدگی، تشدد اور فلسطینی اور اسرائیلی دونوں جانب سے جانوں کا ضیاع شامل ہے۔انھوں نے فریقین کے درمیان جاری کشیدگی اور مسلح تشدد کو فوری طور پرکم کرنے کی ضرورت پرزوردیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں