اسلام آ باد (نمائندہ عکس ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا ہے، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا کے وسیع تر خطے سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے، افغان ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے کے اندر ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا فراہم کردیا جائیگا۔
بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے افغان شہریوں کے لئے ویزا نظام کے متعلق بات کی ہے۔ وزیراعظم نے اپنے پیغام میں بتایا کہ وفاقی کابینہ کی جانب سے افغان شہریوں کے لیے ویزا نظام میں تبدیلی کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی سفارت خانے افغان شہریوں کی موجودہ قومیت کی بنیاد پر ان کی ویزا درخواستوں پر کارروائی کریں گے اور افغان ڈرائیوروں و ٹرانسپورٹرز کو 48 گھنٹے کے اندر ایک سال تک کے لیے ملٹی پل ویزا فراہم کردیا جائیگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ویزا نظام میں اس سہولت کا مقصد دونوں ممالک کو قریب لانا، افغان عوام کی مدد کرنا اور وسط ایشیا کے وسیع تر خطے سے کاروبار اور سرمایہ کاری کو راغب کرنا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے وزارت داخلہ کو مزید لبرل ویزا پالیسی پر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔